متحدہ عرب امارات

یو اے ای فلیگ ڈے، صدر شیخ محمد بن زاید نے قصر الحصن میں قومی پرچم لہرا دیا

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے فلیگ ڈے کے موقع پر منگل کو قصر الحصن میں قومی پرچم لہرا دیا۔ اس موقع پر قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 55 نمایاں اور باصلاحیت افراد تقریب میں شریک ہوئے۔ ان افراد کی تعداد متحدہ عرب امارات کے قیام کے 55 سال کی مناسبت سے رکھی گئی تھی۔

شرکا کی شرکت قیادت کی جانب سے قابلیت اور مہارت کے فروغ، تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی اور ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے والوں کی خدمات کے اعتراف کی عکاس تھی۔ ان افراد نے قومی دن کی مناسبت سے صدر شیخ محمد بن زاید کے ساتھ تقریب میں شرکت پر فخر کا اظہار کیا۔ صدر نے شرکا کے ساتھ گروپ تصاویر بھی بنوائیں۔

صدر شیخ محمد بن زاید نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ شیخ زاید اور ان کے ساتھی حکمرانوں کے شروع کیے گئے سفر پر نظر ڈالتے ہوئے ہمیں اپنے عوام پر پورا اعتماد ہے، جن کا عزم اور بلند حوصلہ متحدہ عرب امارات کی ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام متحدہ عرب امارات کا سب سے قیمتی سرمایہ اور اس کی طاقت و فخر کا سرچشمہ ہیں۔

متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے بھی اس موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلیگ ڈے پر ہم اپنے قومی پرچم کو اس فخر کے ساتھ بلند کرتے ہیں کہ ہم نے کیا تعمیر کیا اور کیا کامیابیاں حاصل کیں۔ ہمارا عہد ہے کہ پرچم ہمیشہ سربلند رہے گا، ہماری شان و عظمت نئی بلندیوں کو چھوتی رہے گی اور ہمارے عزائم کی کوئی حد نہیں ہوگی۔

شیخ محمد بن راشد نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ متحدہ عرب امارات اور اس کے عوام کی حفاظت فرمائے، ملک کی عظمت اور اتحاد برقرار رکھے اور اس کا پرچم ہمیشہ سربلند و باوقار رہے۔

متحدہ عرب امارات کے شہریوں اور رہائشیوں سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ 3 نومبر کو فلیگ ڈے کے موقع پر صبح 11 بجے قومی پرچم لہرائیں۔ یہ دن ہر سال 3 نومبر کو منایا جاتا ہے اور اس کا آغاز 2013 میں شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کیا تھا۔

فلیگ ڈے 3 نومبر 2004 کو مرحوم شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے صدر منتخب ہونے کی سالگرہ کی مناسبت سے منایا جاتا ہے۔ شیخ خلیفہ، شیخ زاید کے انتقال کے بعد متحدہ عرب امارات کے دوسرے صدر بنے تھے اور مئی 2022 میں اپنی وفات تک اس منصب پر فائز رہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button