
خلیج اردو
پاکستانی فضائی کمپنی فلائی جناح نے متحدہ عرب امارات کے شہر العین کے لیے اسلام آباد اور لاہور سے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایئرلائن کے 20 نومبر کے اعلان کے مطابق اسلام آباد سے العین کے لیے پروازیں 2 دسمبر 2026 سے شروع ہوں گی، جبکہ لاہور سے العین کے لیے سروس 4 دسمبر سے شروع کرنے کا شیڈول دیا گیا ہے۔
اسلام آباد سے العین کے لیے ہفتے میں دو پروازیں بدھ اور اتوار کو چلائی جائیں گی۔ پرواز اسلام آباد سے صبح 11 بج کر 35 منٹ پر روانہ ہو کر دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر العین پہنچے گی۔ واپسی کی پرواز العین سے سہ پہر 3 بج کر 20 منٹ پر روانہ ہو کر شام 7 بج کر 15 منٹ پر اسلام آباد پہنچے گی۔
لاہور سے العین کے لیے پروازیں پیر اور جمعہ کو چلیں گی۔ لاہور سے روانگی کا وقت شام 7 بج کر 45 منٹ اور العین آمد کا وقت رات 10 بج کر 40 منٹ مقرر کیا گیا ہے۔ واپسی کی پرواز رات 11 بج کر 30 منٹ پر العین سے روانہ ہو کر اگلی صبح 3 بج کر 35 منٹ پر لاہور پہنچے گی۔
اس نئے فضائی رابطے سے اسلام آباد اور لاہور کے مسافروں کو متحدہ عرب امارات کے ایک اور شہر تک براہ راست رسائی ملے گی۔ العین میں رہنے والے پاکستانیوں، کاروباری مسافروں اور اہل خانہ سے ملاقات کے لیے جانے والوں کے لیے یہ اضافی سفری سہولت ہو سکتی ہے۔ ایئرلائن کے مطابق ٹکٹ اس کی سرکاری ویب سائٹ سے بک کیے جا سکتے ہیں۔






