
خلیج اردو
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر حملوں کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو نئے سال کے آغاز کے بعد ایران پر دوبارہ حملے کیے جا سکتے ہیں۔ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے والے ایرانی بحری جہازوں کو بھی سنگین نتائج سے خبردار کیا ہے۔
ٹرمپ کے مطابق امریکی مڈٹرم انتخابات کے نتائج کے بعد ایران کی جارحیت میں اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ ہفتے ایران نے سب سے زیادہ ڈرونز اور میزائل داغے، تاہم ان کے بقول تمام حملے روک لیے گئے اور کوئی نقصان نہیں ہوا۔ امریکی صدر نے کہا کہ ایرانی رہنما ڈیموکریٹس کو کمزور سمجھتے ہیں، لیکن وہ ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے مطالبات تسلیم کرے تو آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت چند گھنٹوں میں بحال کی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنے وعدوں کی پاسداری کے لیے تیار ہے، تاہم دوسرے فریق کو بھی شرائط پر عمل کرنا ہوگا۔
اسماعیل بقائی نے امریکی حملوں کی نئی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی دھمکیوں سے ایرانی عوام کا عزم مزید مضبوط ہوگا۔ ایران نے چین اور روس سے رابطے جاری رکھنے اور بحری ناکہ بندی کے خلاف سفارتی و دفاعی اقدامات پر غور کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔







