
خلیج اردو
دبئی اور شارجہ کے درمیان سفر کرنے والے شہریوں کو ٹریفک کی روانی میں بہتری کی توقع ہے، کیونکہ بڑے سڑک منصوبے کے پہلے مرحلے کا افتتاح بدھ 4 نومبر کو کردیا گیا۔ شارجہ کے حکمران ڈاکٹر شیخ سلطان بن محمد القاسمی نے منصوبے کے پہلے مرحلے کا افتتاح کیا، جس میں التعاون انٹرچینج کو جزوی طور پر کھولنے کے علاوہ کئی پل اور جنکشن بھی ٹریفک کے لیے فعال کردیے گئے ہیں۔
شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر کے آغاز کے موقع پر شیخ محمد بن زاید روڈ سے ایکسپو سینٹر شارجہ کی جانب یک طرفہ راستہ بھی کھول دیا گیا ہے۔ ادارہ مبادرہ کے چیئرمین ڈاکٹر صلاح بن بتی المہیری کے مطابق ان راستوں کی جزوی بحالی سے کتاب میلے میں آنے والے افراد کو سہولت ملے گی، جبکہ منصوبے کے باقی حصوں پر کام جاری رہے گا۔
منصوبے کے دوسرے مرحلے میں التعاون راؤنڈ اباؤٹ کے بالائی جنکشن اور التعاون ٹنل کو مکمل طور پر کھولا جائے گا۔ اس کے علاوہ تین صنعتی سڑکوں پر پلوں اور جنکشنز کی تعمیر مکمل کی جائے گی۔ اس مرحلے میں الخلیفہ الراشدین انٹرچینج میں بہتری اور اسے جمال عبدالناصر اسٹریٹ سے ملانے والے پل کی تعمیر بھی شامل ہے۔
منصوبہ مکمل ہونے کے بعد سڑکوں کی گنجائش میں اضافہ، ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور شارجہ کے رہائشی، تجارتی اور صنعتی علاقوں کو دبئی جانے والی مرکزی شاہراہوں سے ملانے کے لیے اضافی راستے فراہم ہونے کی توقع ہے۔
منصوبے کے پانچ بڑے حصے ہیں، جن میں نئے ٹنلز، پل، انٹرچینجز اور سڑکوں کو کشادہ کرنا شامل ہے۔ التعاون ٹنل اور راؤنڈ اباؤٹ میں 560 میٹر طویل سرنگ تعمیر کی گئی ہے، جس میں دبئی کی جانب دونوں سمتوں میں تین تین لینز ہیں۔ یہ سرنگ رش کے اوقات میں تقریباً 4 ہزار 200 گاڑیوں کی فی گھنٹہ آمدورفت کی گنجائش رکھتی ہے۔
الخلیفہ الراشدین انٹرچینج میں دو انڈر پاسز بنائے گئے ہیں، جن کے ذریعے دونوں سمتوں میں دو اضافی لینز فراہم ہوں گی۔ اس کے علاوہ انٹرچینج کو جمال عبدالناصر اسٹریٹ سے ملانے کے لیے 315 میٹر طویل پل تعمیر کیا گیا ہے۔ ان بہتریوں سے فی گھنٹہ تقریباً 2 ہزار 600 گاڑیوں کی اضافی گنجائش پیدا ہوگی۔
پہلی اور دوسری صنعتی سڑکوں پر جنکشنز کو بہتر بنانے کے ساتھ دو نئے پل بھی تعمیر کیے گئے ہیں، جو دبئی کی دمشق اسٹریٹ کو شارجہ کی واسط اسٹریٹ سے ملائیں گے۔ اس راستے کی گنجائش فی گھنٹہ 2 ہزار 800 گاڑیاں مقرر کی گئی ہے۔
تیسری صنعتی سڑک پر نئے پل اور انڈر پاس تعمیر کیے گئے ہیں، جو رنگ روڈ، الخان اسٹریٹ اور صنعتی علاقوں کو آپس میں ملائیں گے اور شارجہ کے مرکزی شہر کی جانب براہ راست راستہ فراہم کریں گے۔ اس رابطہ سڑک سے فی گھنٹہ مزید 5 ہزار 200 گاڑیوں کی آمدورفت ممکن ہوگی۔
رنگ روڈ کو بھی کشادہ کیا گیا ہے، جس میں شارجہ کے مرکزی شہر کی جانب دو اضافی لینز اور شیخ محمد بن زاید روڈ کی جانب ایک لین شامل ہے۔ اس کے علاوہ شاہراہ سے رنگ روڈ کی طرف مڑنے کے لیے تین لینز پر مشتمل راستہ بھی بنایا گیا ہے۔
مجموعی طور پر یہ منصوبہ تقریباً 9.18 کلومیٹر سڑکوں پر مشتمل ہے، جبکہ اس کا پختہ تعمیر شدہ رقبہ 2 لاکھ 7 ہزار 265 مربع میٹر ہے۔ منصوبے میں سروس روڈز، پارکنگ ایریاز، داخلی اور خارجی راستوں کو بہتر بنانا بھی شامل ہے، تاکہ تجارتی مراکز اور قریبی رہائشی علاقوں تک رسائی آسان ہوسکے۔
شارجہ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے چیئرمین یوسف خمیس العثمانی کے مطابق یہ منصوبہ شہری آبادی میں اضافے اور رہائشیوں کی ضروریات کے مطابق امارت کے سڑکوں کے نظام کو جدید بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے منصوبوں کی اہمیت ان کے عوام، خاندانوں اور روزمرہ سفر پر متوقع اثرات کے ساتھ سڑکوں کے رابطوں اور مجموعی کارکردگی میں بہتری سے بھی ظاہر ہوتی ہے۔







