
خلیج اردو
پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 (آئی ایل ٹی 20) میں اپنے ڈیبیو کو یادگار بناتے ہوئے شاندار نصف سنچری اسکور کی اور اپنی ٹیم ڈیزرٹ وائپرز کو شارجہ واریئرز کے خلاف 6 وکٹوں سے کامیابی دلادی۔ دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز نے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں 167 رنز کا ہدف 17.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
بابر اعظم نے 51 گیندوں پر 86 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 13 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ انہیں شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ بابر نے ابتدا ہی سے پراعتماد بیٹنگ کی اور حریف بولرز کو دباؤ میں رکھا۔
بابر اعظم نے پاکستان کے ہی اوپنر فخر زمان کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا، تاہم فخر 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد بابر نے جو کلارک کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کے لیے 82 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ جو کلارک نے 35 رنز بنائے۔ اس شراکت نے میچ کا پانسہ ڈیزرٹ وائپرز کے حق میں پلٹ دیا اور ٹیم نے 15 گیندیں باقی رہتے ہوئے ہدف حاصل کرلیا۔
اس سے قبل شارجہ واریئرز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 166 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پال والٹر نے 43 گیندوں پر 75 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ جیمز ونس نے 23 اور جارج لنڈے نے 14 رنز بنائے۔ تاہم درمیانی اوورز میں وکٹیں گرنے کے باعث ٹیم بڑا مجموعہ ترتیب دینے میں ناکام رہی۔
ڈیزرٹ وائپرز کی جانب سے کپتان شاداب خان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 18 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ خوزیمہ تنویر نے 31 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ٹام کرن نے 21 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ شاداب کی اہم وکٹوں نے شارجہ واریئرز کی بیٹنگ کو بڑا اسکور بنانے سے روک دیا۔
میچ کے بعد پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے بابر اعظم نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں ٹیم کی پہلی فتح خوشی کا باعث ہے۔ ان کے مطابق فاسٹ بولرز نے ابتدائی اوورز کے بعد حریف ٹیم کو جس طرح قابو کیا وہ قابلِ تعریف تھا۔ بیٹنگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی چھ اوورز میں مثبت انداز اپنانے، کرکٹنگ شاٹس کھیلنے اور پھر شراکت قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔
ڈیزرٹ وائپرز کے کپتان شاداب خان نے بھی ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹاس کا فیصلہ اعداد و شمار کی بنیاد پر کیا اور گیند میں گرفت محسوس ہونے کے باعث اہم اوورز خود کرنے کا فیصلہ کیا۔ شاداب نے بابر اعظم کی بیٹنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم ان کی کارکردگی سے بہت خوش ہے اور ان کی کرکٹ سے لطف اندوز ہو رہی ہے۔
دوسری جانب شارجہ واریئرز کے کپتان سکندر رضا نے شکست کی وجہ درمیانی اور آخری نمبروں پر بیٹنگ میں رنز نہ بننے کو قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے اننگز کے پہلے حصے میں رفتار کھو دی اور بعد میں اسے واپس حاصل نہیں کرسکی۔ شاداب خان کے ایک اسپیل نے میچ کا رخ بدل دیا۔
میچ کا اسکور
شارجہ واریئرز: 166 رنز، 20 اوورز
پال والٹر 75، جیمز ونس 23، جارج لنڈے 14
شاداب خان 3، خوزیمہ تنویر 3، ٹام کرن 2 وکٹیں
ڈیزرٹ وائپرز: 167 رنز، 17.3 اوورز، 4 وکٹیں
بابر اعظم 86، جو کلارک 35، فخر زمان 15
ایڈم ملنے 2، وقار سلام خیل ایک وکٹ
پلیئر آف دی میچ: بابر اعظم







