
وفاقی حکومت کے اہم وزرا کے درمیان اختلافات ایک بار پھر منظر عام پر آگئے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے رانا ثناء اللہ سے متعلق مبینہ دھمکی آمیز بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاقت کے مرکز کے قریب ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ دوسروں کو روند کر آگے بڑھا جائے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن دھمکیوں کی زبان استعمال نہیں کی جانی چاہیے۔ محسن نقوی کو وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کے لیے اس قسم کے الفاظ استعمال نہیں کرنے چاہئیں تھے کہ منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔ ان کے مطابق سیاسی تنقید کا جواب سیاسی انداز میں دیا جاسکتا ہے، لیکن کسی کو دھمکانا مناسب طرز عمل نہیں۔
وزیر دفاع نے رانا ثناء اللہ کی سیاسی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ جوانمردی سے مشکلات کا سامنا کیا۔ سابق صدر پرویز مشرف اور بانی پی ٹی آئی کے ادوار میں ان پر ظلم کے پہاڑ توڑے گئے لیکن وہ انہیں توڑنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم زبردستی منظور کرانے کا تاثر سیاسی بددیانتی ہے۔
رانا ثناء اللہ کا جواب بھی سامنے آگیا
دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں محسن نقوی کے خلاف بات کرنے سے منع کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی سے ان کا کوئی ذاتی جھگڑا نہیں بلکہ تقریباً 20 سے 22 سال پرانا تعلق ہے۔
رانا ثناء اللہ نے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر بھی اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ ریفرنڈم کے ذریعے نئے صوبے نہیں بنائے جاسکتے بلکہ اس کے لیے آئین میں طے شدہ طریقہ کار اختیار کرنا ہوگا۔
اختلافات کی اصل وجہ کیا ہے؟
حکومتی حلقوں میں اختلافات کی بنیادی وجہ نئے صوبوں کے قیام اور انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کے معاملے پر سامنے آنے والے بیانات ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی بحث شروع کی تھی، جس پر رانا ثناء اللہ نے اعتراض کیا تھا۔
بعد ازاں دونوں رہنماؤں کے درمیان بیانات کا تبادلہ شدت اختیار کرگیا اور معاملہ وزیراعظم تک پہنچ گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ ارکان کو ایک دوسرے کے خلاف بیانات دینے سے گریز اور اختلافات باہمی مشاورت سے حل کرنے کی ہدایت کی۔
اب خواجہ آصف کی تنقید اور رانا ثناء اللہ کے تازہ بیان کے بعد حکومتی صفوں میں جاری اختلافات ایک مرتبہ پھر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں







