پاکستانی خبریں

ایک سال میں 1087 خواتین لاپتہ، لاہور ہائیکورٹ برہم، آئی جی پنجاب سے یکم دسمبر تک جواب طلب

خلیج اردو
پنجاب میں خواتین کے لاپتہ ہونے کے واقعات پر لاہور ہائیکورٹ نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس حکام سے جواب طلب کرلیا۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے 2026 کے دوران لاپتہ ہونے والی ایک ہزار 87 خواتین کی عدم بازیابی پر آئی جی پنجاب سے وضاحت مانگ لی ہے۔ عدالت نے خواتین کی بازیابی کے لیے الگ ونگ قائم کرنے کے حکم پر بھی یکم دسمبر کو رپورٹ طلب کرلی۔

لاہور ہائیکورٹ میں لاپتہ خواتین کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم اور دیگر متعلقہ افسران عدالتی حکم پر پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران پولیس حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ صوبے میں لاپتہ خواتین سے متعلق مجموعی طور پر 21 ہزار 956 کیسز سامنے آئے، جن میں سے 20 ہزار سے زائد خواتین کو بازیاب کرایا جاچکا ہے۔ تاہم ایک ہزار 87 خواتین کی عدم بازیابی پر عدالت نے پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے سوالات اٹھائے۔

آئی جی پنجاب کے مطابق لاہور میں خواتین کے لاپتہ ہونے کے سب سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے، جہاں 85 خواتین لاپتہ ہوئیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ خواتین کی بازیابی کے لیے اب تک کیا مؤثر اقدامات کیے گئے اور پولیس تفتیش میں کیا پیشرفت ہوئی ہے۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے پولیس کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی بازیابی کے معاملے کو معمول کی کارروائی سمجھ کر نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

عدالت نے لاپتہ خواتین کے کیسز کی مؤثر تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ اور لاہور پولیس کی ٹیم تبدیل کرنے کی ہدایت کی۔ چیف جسٹس نے خواتین سے متعلق مقدمات کی تفتیش کے لیے خواتین پولیس افسران تعینات کرنے اور ایسے اقدامات کرنے پر زور دیا جن سے متاثرہ خاندانوں کو بروقت انصاف مل سکے۔

سماعت کے دوران عدالت نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ جو خواتین بازیاب ہوچکی ہیں، انہیں ان کے اہل خانہ کے حوالے کرنے کے حوالے سے کیا طریقہ کار اختیار کیا جاتا ہے۔ عدالت نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ بازیاب خواتین کے معاملات میں بھی قانون اور متعلقہ افراد کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے مؤثر کارروائی کی جائے۔

لاہور ہائیکورٹ نے خواتین کی بازیابی کے لیے الگ ونگ بنانے کے حکم پر عمل درآمد اور پولیس کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی تفصیلات یکم دسمبر تک طلب کرلی ہیں۔ اب متعلقہ حکام کو عدالت میں یہ بتانا ہوگا کہ ایک ہزار سے زائد خواتین کی عدم بازیابی کے اس سنگین معاملے پر کیا پیشرفت ہوئی اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام اور بازیابی کے لیے کیا حکمت عملی اختیار کی جارہی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button