
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں مسافر بس اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق ہو گئے۔ امارات کی وزارت داخلہ نے منگل کے روز حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ الوطَن روڈ پر پیش آیا، جہاں مسافر بس اور ٹرک آپس میں ٹکرا گئے۔
وزارت داخلہ کے مطابق حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی متعلقہ ہنگامی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ایمبولینس سروس، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے ریسکیو اور امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔
امدادی ٹیموں نے جائے حادثہ کو محفوظ بنانے کے ساتھ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی اقدامات کیے۔ حادثے میں جانی نقصان کے علاوہ دیگر ممکنہ تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ حادثے کے حالات اور وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد نتائج سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔
وزارت داخلہ نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنی وسیع رحمت اور مغفرت سے نوازے اور ان کے لواحقین کو اس مشکل وقت میں صبر اور حوصلہ عطا فرمائے۔
وزارت نے شہریوں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط کا مظاہرہ کریں، حادثے سے متعلق معلومات صرف سرکاری ذرائع سے حاصل کریں اور افواہوں یا غیر مصدقہ اطلاعات کو آگے پھیلانے سے گریز کریں۔







