
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں سرکاری خدمات کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی نیا معاون متعارف کرانے کا اعلان کردیا گیا ہے۔ دبئی کے حکمران اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ’میرا‘ نامی اے آئی معاون کے اجرا کا اعلان کیا ہے، جو مارچ 2027 سے کام شروع کرے گا۔
حکام کے مطابق میرا شہریوں اور رہائشیوں کو ویزا، اماراتی پاسپورٹ، امارات آئی ڈی، تعلیم اور صحت سمیت مختلف سرکاری خدمات تک رسائی فراہم کرے گا۔ یہ معاون عربی، انگریزی اور ٹیگالوگ سمیت متعدد زبانوں میں بات چیت کرسکے گا۔
ابتدائی مرحلے میں 15 سرکاری خدمات کو ایک نظام میں شامل کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بعض معاملات میں پانچ دن کا کام پانچ منٹ میں مکمل کرنے کی صلاحیت حاصل ہوگی، جبکہ دیگر سرکاری خدمات بھی مرحلہ وار اس نظام میں شامل کی جائیں گی۔
شیخ محمد بن راشد کے مطابق میرا صرف سوالات کے جواب نہیں دے گا بلکہ متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ رابطہ کرکے صارفین کے کام بھی انجام دے سکے گا۔ یہ سروس دن رات دستیاب رکھنے کا منصوبہ ہے۔







