
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں مسافر بس اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔ حادثہ الوطَن اسٹریٹ پر پیش آیا، جس کی تصدیق امارات کی وزارت داخلہ نے منگل 24 نومبر کو کی۔
وزارت داخلہ کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے ایمبولینس سروس، سول ڈیفنس اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیاں کیں، علاقے کو محفوظ بنایا اور ٹریفک کی روانی کو منظم کیا۔
حکام نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور نتائج سامنے آنے پر آگاہ کیا جائے گا۔ وزارت داخلہ نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے عوام کو ہدایت کی ہے کہ حادثے سے متعلق غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کریں اور صرف سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں۔







