
خلیج اردو
پاکستان خلائی تاریخ کا ایک ایسا سنگِ میل عبور کرنے جا رہا ہے جس کا خواب ملک کے سائنس دانوں، انجینئرز اور خلائی تحقیق سے وابستہ ماہرین ایک طویل عرصے سے دیکھ رہے تھے۔ پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی 25 نومبر کو چین کے خلائی مشن شین ژو 24 کے ذریعے خلا میں روانہ ہوں گے۔ اس مشن کے ساتھ وہ چین کے خلائی اسٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی خلاباز بننے کا اعزاز بھی حاصل کریں گے۔ مشن کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور روانگی چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر متوقع ہے۔
محمد ذیشان علی اس تاریخی مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے۔ وہ چینی خلاباز تانگ ہونگ بو اور وو یی کے ہمراہ خلائی سفر کریں گے۔ ذیشان علی تقریباً ایک ہفتہ چینی خلائی اسٹیشن پر قیام کریں گے، جہاں وہ سائنسی تجربات اور تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔ اس دوران پاکستان اور چین کے اشتراک سے مختلف سائنسی منصوبوں پر بھی کام کیا جائے گا۔ چین کی خلائی ایجنسی کے مطابق مشن میں خلائی تحقیق سے متعلق متعدد تجربات شامل ہیں، جن میں حیاتیاتی اور مادی سائنس کے شعبے بھی شامل ہیں۔
یہ پرواز چین کے انسانی خلائی پروگرام کی تاریخ میں بھی اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ اس کے ذریعے پہلی مرتبہ چینی اور غیر ملکی خلاباز ایک ہی مشترکہ انسانی خلائی مشن کا حصہ بن رہے ہیں۔ ذیشان علی خلائی اسٹیشن پر اپنا مختصر قیام مکمل کرنے کے بعد دو چینی خلابازوں کے ہمراہ شین ژو 23 کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے۔
روانگی سے قبل میڈیا بریفنگ میں محمد ذیشان علی نے کہا کہ خلائی مشن پر روانگی ان کے لیے ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے چین کی حکومت، خلائی مرکز کی انتظامیہ، عملے اور تربیت فراہم کرنے والے ماہرین کا شکریہ ادا کیا۔ ان کے مطابق چینی ساتھیوں نے انہیں بھرپور محنت اور لگن کے ساتھ تربیت دی، جبکہ خلائی مرکز کے عملے نے ہر مرحلے پر بہترین رہنمائی فراہم کی۔
ذیشان علی نے بتایا کہ چینی خلابازوں کے ساتھ تقریباً چھ سال کام کرنے کے دوران ان کے درمیان مضبوط ہم آہنگی اور پیشہ ورانہ تعلقات قائم ہوئے۔ انہوں نے چینی زبان سیکھنے کے لیے بھی خصوصی محنت کی تاکہ مشن کے دوران اپنے ساتھیوں کے ساتھ بہتر انداز میں رابطہ کرسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور شہد سے میٹھی ہے۔
چینی خلابازوں نے بھی پاکستانی ساتھی کی تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ذیشان علی نے مشن کے لیے بھرپور محنت کی ہے اور مشترکہ تربیت کے دوران ٹیم کے ساتھ بہترین ہم آہنگی پیدا کی۔ ایک چینی خلاباز نے اس موقع پر کہا کہ انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ انہیں خلائی مشن پر روانگی کا موقع ملے گا۔
پاکستان اور چین کے خلائی اداروں کے درمیان تعاون کے تحت اس مشن کی تیاری کی گئی۔ سپارکو اور چین کی انسانی خلائی ایجنسی کے درمیان فروری 2025 میں تعاون کا معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت پاکستانی خلابازوں کو چین میں تربیت فراہم کی گئی۔ چیئرمین سپارکو یوسف خان نے اس پیشرفت کو پاکستان کے خلائی پروگرام کی تاریخ کا اہم اور یادگار سنگِ میل قرار دیا ہے۔
یہ مشن صرف ایک پاکستانی خلاباز کی خلائی پرواز نہیں بلکہ پاکستان کے انسانی خلائی پروگرام کے لیے نئے امکانات کا آغاز بھی ہے۔ خلائی تحقیق، سائنسی تجربات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دونوں ممالک کا تعاون مستقبل میں مزید وسعت اختیار کرسکتا ہے۔ اس کامیابی سے پاکستان کے نوجوانوں کے لیے بھی سائنس، خلائی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں آگے بڑھنے کی نئی ترغیب پیدا ہونے کی توقع ہے۔







