پاکستانی خبریں

پاکستانی تاریخ کا نیا باب، محمد ذیشان علی خلا میں پہنچ گئے، چین کے خلائی اسٹیشن سے کامیاب رابطہ، قوم کا سر فخر سے بلند!

پاکستان کے خلائی سفر میں ایک تاریخی سنگ میل عبور کرلیا گیا۔ پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی چین کے خلائی مشن شین ژو 24 کے ذریعے خلا میں پہنچ گئے۔ چین کے سرکاری خلائی ادارے کے مطابق تین خلا بازوں کو لے کر روانہ ہونے والا خلائی جہاز کامیابی سے اپنے مقررہ مدار میں داخل ہوا اور تقریباً تین گھنٹے 38 منٹ بعد چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن کے ساتھ منسلک ہوگیا۔

یہ پاکستان کے لیے تاریخی لمحہ ہے کیونکہ محمد ذیشان علی خلا میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔ خلائی جہاز نے بدھ 25 نومبر کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے اڑان بھری۔ مشن میں دو چینی خلا باز تانگ ہونگبو اور وو یی بھی شامل ہیں۔

خلائی سفر سے پہلے تینوں خلا بازوں کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کی گئی، جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے دوران پاکستانی پرچم لہرائے گئے اور پاکستانی و چینی خلا بازوں نے شرکا کو ہاتھ ہلا کر الوداع کہا۔ تینوں خلا باز خصوصی پروٹوکول کے تحت گاڑیوں میں خلائی مرکز پہنچے، جہاں سے انہیں خلائی جہاز میں روانہ کیا گیا۔

اس مشن میں ذیشان علی پے لوڈ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہ پیش رفت پاکستان کی خلائی تحقیق اور سائنسی شعبے میں بین الاقوامی تعاون کے لیے بھی اہم قرار دی جا رہی ہے۔

صدر اور وزیراعظم کی مبارکباد

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی خلا باز کی کامیاب خلائی پرواز پر پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اس تاریخی مشن میں شامل کرنے پر اپنے برادر ملک چین کا شکر گزار ہے۔ چین اور پاکستان اب خلا کے سفر میں بھی ہم قدم ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان دوستی، اعتماد اور قربت کی وسعت کا اظہار ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان، سائنس دانوں اور نوجوانوں کی مشترکہ کاوشوں سے پاکستان خلائی تحقیق میں نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہے۔ یہ کامیابی پاک چین آہنی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی شین ژو 24 مشن کی کامیابی کو دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون اور سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے تناظر میں اہم سنگ میل قرار دیا۔

نوجوانوں کے لیے نئی امید

پاکستانی خلا باز کی کامیابی کو ملک بھر میں جوش و خروش سے خوش آمدید کہا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ذیشان علی کی خلا میں روانگی نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ یہ تاریخی مشن آنے والی نسلوں کو بڑے خواب دیکھنے اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دے گا۔

مشن کے دوران پاکستانی اور چینی خلا باز مشترکہ طور پر خلائی اسٹیشن پر خدمات انجام دیں گے، جبکہ فراہم کردہ شیڈول کے مطابق خلا بازوں کی واپسی تقریباً ایک ہفتے بعد متوقع ہے۔

یہ کامیابی پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button