
خلیج اردو
پاکستانی ڈراموں اور تفریحی مواد کی بھارت میں مقبولیت کے تناظر میں بھارتی فلمی صنعت کی ایک تنظیم نے پاکستانی فنکاروں اور ڈراموں کے خلاف پابندیوں کا مطالبہ کردیا ہے۔ آل انڈیا سِنے ورکرز ایسوسی ایشن نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی بھارت میں ریلیز روکنے کی درخواست کی ہے۔
ایکس پر جاری کیے گئے خط میں تنظیم نے پاکستانی ڈراموں، فلموں اور دیگر تفریحی مواد پر مستقل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تنظیم کا مؤقف ہے کہ پلوامہ حملے کے بعد پاکستانی فنکاروں پر پابندی کا اعلان کیا گیا تھا، لہٰذا پاکستانی تفریحی مواد کی بھارت میں نمائش بھی روکی جائے۔
آل انڈیا سِنے ورکرز ایسوسی ایشن نے نیٹ فلکس انڈیا سمیت دیگر او ٹی ٹی پلیٹ فارمز سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستانی ڈرامے، فلمیں اور سیریز نشر نہ کریں۔
پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ چار دسمبر کو ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ سیریز کی کاسٹ میں ماہرہ خان، فواد خان، احد رضا میر، اقرا عزیز اور ہانیہ عامر جیسے معروف پاکستانی فنکار شامل ہیں۔






