متحدہ عرب امارات

انڈیگو کے سی ای او کی معذرت، پروازوں میں تعطل ختم کرنے کیلئے تین نکات پر مشتمل ہنگامی منصوبہ پیش

خلیج اردو
بھارتی ایئرلائن انڈیگو میں بڑے پیمانے پر پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے بعد، سی ای او پیٹر ایلبرز نے جمعے کو عوام سے معذرت کرتے ہوئے بحران حل کرنے کے لیے تین نکاتی لائحہ عمل پیش کر دیا۔ سی ای او کے مطابق گزشتہ چند دنوں سے انڈیگو شدید آپریشنل دباؤ کا شکار رہی اور 5 دسمبر سب سے زیادہ متاثر کن دن ثابت ہوا، جس میں ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں جو کمپنی کی یومیہ پروازوں کا نصف سے زیادہ تھیں۔

ایلبرز نے کہا کہ انڈیگو کی جانب سے لاکھوں مسافروں کو ہونے والی شدید تکلیف پر وہ دل کی گہرائیوں سے معذرت خواہ ہیں اور اس صورتحال کو معمول پر لانے کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

سی ای او کے تین اہم اقدامات

اول: صارفین سے رابطہ
کمپنی نے کنفرمیشن، ریفنڈ، منسوخی اور معاونت سے متعلق تفصیلات کے ساتھ مسافروں کو پیغامات بھیجے ہیں جبکہ کال سینٹر کی صلاحیت بھی بڑھا دی گئی ہے۔

دوم: منسوخ شدہ پروازوں والے مسافر ایئرپورٹ نہ آئیں
ایلبرز نے بتایا کہ جمعرات کو بڑے ایئرپورٹس پر مسافروں کے پھنس جانے کے بعد، ہدف یہ تھا کہ وہ جمعہ تک روانہ ہو سکیں، جو پورا کر لیا گیا۔ منسوخ شدہ پرواز کے حامل مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایئرپورٹ نہ آئیں۔

سوم: 5 دسمبر کی منسوخیاں ایک سسٹم ری سیٹ تھیں
سی ای او کے مطابق 5 دسمبر کو کی جانے والی منسوخیاں دراصل عملے اور طیاروں کو ایک ایسی پوزیشن میں لانے کیلئے تھیں جہاں سے نظام نئے سرے سے شروع ہو سکے۔ یہ سسٹم ری بوٹ ضروری تھا تاکہ 6 دسمبر سے بتدریج بہتری آ سکے۔

معمول کی پروازوں کی بحالی

ایئرلائن کا اندازہ ہے کہ ہفتے کے روز منسوخیوں کی تعداد ایک ہزار سے کم ہو جائے گی، جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے FDTL میں نرمی نے بھی مدد فراہم کی ہے۔

سی ای او کے مطابق 10 سے 15 دسمبر کے درمیان انڈیگو مکمل طور پر معمول کی پروازیں بحال کر دے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کا اعتماد متزلزل ہوا ہے لیکن انڈیگو کی ٹیمیں صورتحال کی بہتری اور اعتماد کی بحالی کے لیے مسلسل کام کر رہی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button