متحدہ عرب امارات

ندا یاسر کی فوڈ رائیڈرز سے معافی: ’ڈیلیوری میں تاخیر ہو سکتی ہے، انسانیت میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے‘

خلیج اردو
معروف میزبان ندا یاسر نے اپنے پروگرام میں فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز کے بارے میں دیے گئے متنازع بیان پر بالآخر معافی مانگ لی۔ سوشل میڈیا پر سخت تنقید کے بعد ندا یاسر نے ’گڈ مارننگ پاکستان‘ کے آغاز میں کہا کہ ان کے ایک جملے کی وجہ سے رائیڈر کمیونٹی کو دکھ پہنچا، جس پر وہ دل سے معذرت خواہ ہیں۔

ندا یاسر نے وضاحت کی کہ پروگرام لائیو ہونے کے باعث ان سے لفظوں کے چناؤ میں غلطی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے اپنا ذاتی تجربہ شیئر کیا تو انہیں یہ واضح کرنا چاہیے تھا کہ یہ چند افراد کا رویہ ہوتا ہے، پوری رائیڈر کمیونٹی کا نہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ زیادہ تر رائیڈرز ایمانداری اور محنت سے رزق کماتے ہیں۔

انہوں نے رائیڈرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے بیان سے کسی کو تکلیف پہنچی ہے تو وہ اس پر سچے دل سے معذرت کرتی ہیں، کیونکہ ان کا مقصد کسی کو تکلیف دینا نہیں تھا۔

یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب ندا یاسر کی ایک وائرل ویڈیو میں وہ یہ کہتی نظر آئیں کہ فوڈ رائیڈرز جان بوجھ کر کھلے پیسے نہیں رکھتے تاکہ انہیں زیادہ ٹِپ مل سکے۔ سوشل میڈیا پر صارفین اور ڈیلیوری رائیڈرز نے اس بیان کو غیر مناسب اور تضحیک آمیز قرار دیا، اور درجنوں رائیڈرز نے ویڈیوز میں ندا یاسر کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ محنت مزدوری سے اپنا گھر چلاتے ہیں۔

اداکارہ فضا علی نے بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ رائیڈرز انسان ہیں، ان کا دل ہے، جذبات ہیں، اور ٹپ نہ دینا مسئلہ نہیں مگر کسی کی عزت مجروح کرنا غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ڈیلیوری لیٹ ہو سکتی ہے، انسانیت لیٹ نہیں ہونی چاہیے۔”

سوشل میڈیا صارفین نے بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ رائیڈرز بارش، گرمی اور خطرناک حالات میں کام کرتے ہیں، اور کسی مشہور شخصیت کو اپنے پلیٹ فارم کا استعمال کر کے ان کے بارے میں عمومی الزام تراشی نہیں کرنی چاہیے۔

یہ پہلی بار نہیں کہ ندا یاسر یا ان کا شو تنقید کی زد میں آیا ہو۔ اس سے قبل بھی وہ حساس موضوعات پر نامناسب اندازِ گفتگو اور مہمانوں کے ساتھ غیر سنجیدہ سوالات کے باعث ہدفِ تنقید بنتی رہی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button