
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات: فوڈ ڈیلیوری ایپس کی سالانہ رپورٹس کے مطابق 2025 میں متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں نے کھانے پینے کی اشیا کے آن لائن آرڈرز میں نمایاں اضافہ کیا، جہاں ڈیلی سینڈوچز، شوارما، پریمیم اسٹیكس، مشہور ڈیزرٹس اور روزمرہ گروسری نمایاں رہیں۔ ڈیلیورو کے مطابق سال بھر میں ایک اعشاریہ چھ ملین سے زائد برگرز آرڈر کیے گئے، جو روزانہ اوسطاً تقریباً 4 ہزار 400 برگرز بنتے ہیں۔
ڈیلیورو نے یو اے ای میں ٹاپ 30 ٹرینڈنگ آرڈرز کی فہرست جاری کی، جس میں صارفین کی بدلتی ہوئی ترجیحات کی عکاسی کی گئی۔ فہرست کے مطابق لوگ اب اعلیٰ معیار کے کھانوں کے ساتھ روزمرہ ضروریات بھی ایک ہی آرڈر میں منگوانے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ان مشہور آرڈرز میں راسکلز ڈیلی کا اسپیسی کلب، جینوز ڈیلی کا ریبیکا سینڈوچ، کانجی بائے تھری فلز کا سالمَن کارپیشیو، الو بیروت کا چکن شوارما سینڈوچ، فائیو گائز کا لٹل چیز برگر، سالٹ کا اوریجنل بیف سلائیڈر، میگنولیا بیکری کا کلاسک بنانا پڈنگ، مامابوزا کی لیزی کیک آئس کریم، اور سپینیز و ویٹروز کی گروسری آئٹمز شامل ہیں۔
دوسری جانب کریم نے بھی اپنی سالانہ جھلکیاں جاری کرتے ہوئے بتایا کہ صرف برگرز کے ہی ایک اعشاریہ چھ ملین سے زائد آرڈرز ڈیلیور کیے گئے۔ کریم پر سب سے بڑا سنگل آرڈر 1600 درہم سے زائد مالیت کا تھا، جو مٹار فارم کے 15 لیجنڈری برسکٹ فیٹس پر مشتمل تھا۔ ایک صارف نے سال کے دوران 1250 سے زیادہ آرڈرز کیے، یعنی روزانہ اوسطاً تین سے زائد آرڈرز۔
کریم بائیک رائیڈرز نے 2025 میں ایک اعشاریہ آٹھ ملین ٹرپس مکمل کیں، سات اعشاریہ آٹھ ملین کلومیٹر کا سفر کیا اور بارہ سو ٹن سے زائد کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی کی۔ رپورٹ کے مطابق رائیڈرز نے مجموعی طور پر 172 ملین کیلوریز بھی جلائیں، جبکہ سب سے زیادہ سرگرم سائیکلسٹ نے سال بھر میں 2090 ٹرپس مکمل کیں۔ کریم رائیڈز کے ذریعے یو اے ای میں مجموعی طور پر 160 ملین کلومیٹر سے زیادہ فاصلہ طے کیا گیا، جو زمین سے چاند تک 200 سے زائد سفر کے برابر ہے۔
کریم نے یہ بھی بتایا کہ سواریوں میں بھولی جانے والی منفرد اشیا میں قالین کے دو رول اور ایک گٹار شامل تھا، جبکہ عام طور پر فون، ایئرپوڈز اور بٹوے سب سے زیادہ بھولے جانے والے سامان میں شامل رہے۔







