متحدہ عرب امارات

یو اے ای میں جنوری 2026 کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا امکان

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں جنوری 2026 کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا اعلان آئندہ چند دنوں میں متوقع ہے۔ دسمبر کے اختتام پر عالمی تیل منڈی میں معمولی تیزی دیکھی گئی ہے، جس کے باعث نئے مہینے میں ایندھن کی قیمتوں پر اس کے اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔ دسمبر میں سپر 98 کی قیمت 2.63 درہم سے بڑھ کر 2.70 درہم ہوگئی، اسپیشل 95 کی قیمت 2.51 درہم سے 2.58 درہم، ای پلس 91 کی قیمت 2.44 درہم سے 2.51 درہم تک پہنچی، جبکہ ڈیزل 2.67 درہم سے بڑھ کر 2.85 درہم فی لیٹر فروخت ہوا۔
رپورٹس کے مطابق نومبر سے دسمبر کے دوران عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہونے اور سال کے اختتام پر رسد سے متعلق خدشات بڑھنے کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ سال 2025 کے دوران یو اے ای میں ایندھن کی قیمتیں عالمی مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ کے ساتھ منسلک رہیں، جہاں وسط سال میں نمایاں اضافہ ہوا اور بعد ازاں کمی کے بعد دسمبر میں قیمتیں مستحکم ہوئیں۔
عالمی سطح پر برینٹ اور امریکی خام تیل کی قیمتیں دسمبر کے آخری تجارتی دنوں میں چار اعشاریہ پانچ فیصد سے زائد بڑھیں، جس کی وجوہات میں امریکا میں طلب کے مضبوط اشارے اور جغرافیائی کشیدگیاں شامل ہیں۔ وینزویلا کی تیل برآمدات میں تاخیر، روس یوکرین جنگ اور رسد سے متعلق خدشات نے بھی قیمتوں کو سہارا دیا، تاہم اس کے ساتھ ساتھ اضافی تیل ذخائر کے خدشات بھی موجود ہیں، جس کے باعث 2026 تک عالمی ذخائر میں اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق موجودہ رجحانات کو دیکھتے ہوئے جنوری میں ایندھن کی قیمتیں دسمبر کے قریب ہی رہنے کا امکان ہے۔ اگر رسد کے مسائل میں شدت آئی یا جغرافیائی خطرات بڑھے تو معمولی اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ قیمتوں میں کمی کا امکان کم ضرور ہے مگر مکمل طور پر خارج از امکان نہیں۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button