
خلیج اردو
کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں یونیورسٹی آف ٹورنٹو کے اسکاربرو کیمپس کے قریب فائرنگ کے واقعے میں بھارت سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ ڈاکٹریٹ طالبعلم شِوَینک اَوَستھی ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ منگل کے روز پیش آیا اور یہ رواں برس ٹورنٹو میں پیش آنے والا اکتالیسواں قتل ہے۔ پولیس نے بتایا کہ انہیں سہ پہر 3 بج کر 34 منٹ پر ہائی لینڈ کریک ٹریل اور اولڈ کنگسٹن روڈ کے قریب ایک شخص کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع ملی، جہاں موقع پر پہنچنے پر شِوَینک اَوَستھی کو گولی لگنے کے زخم کے ساتھ پایا گیا اور انہیں جائے وقوعہ پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔ پولیس کے مطابق مشتبہ افراد پولیس کی آمد سے قبل ہی فرار ہوگئے تھے، جبکہ واقعے کے بعد کیمپس کو عارضی طور پر لاک ڈاؤن بھی کیا گیا۔ ٹورنٹو پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ واقعے سے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات پولیس یا کرائم اسٹاپرز کو فراہم کریں۔
دوسری جانب ٹورنٹو میں بھارتی قونصل خانے نے واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک افسوسناک سانحہ قرار دیا ہے۔ قونصل خانے کے مطابق وہ متاثرہ خاندان سے مسلسل رابطے میں ہیں اور مقامی حکام کے ساتھ مل کر ہر ممکن معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب حالیہ دنوں میں ٹورنٹو میں بھارتی نژاد افراد کے خلاف جرائم میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، چند روز قبل 30 سالہ بھارتی نژاد خاتون ہمنشی کھورانا کے قتل کا واقعہ بھی سامنے آیا تھا جس میں پولیس نے کینیڈا بھر میں ملزم کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے۔





