متحدہ عرب امارات

یو اے ای میں گھنا کہر، ریڈ الرٹ جاری، درجۂ حرارت خطرناک حد تک گر گیا

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے مختلف علاقوں میں کہر کی گھنی چادر پھیل گئی ہے، جس کے باعث نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی نے ہفتہ 3 جنوری 2026 کو رات 12 بجے سے صبح 10 بجے تک زرد اور سرخ الرٹس جاری کر دیے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج موسم مجموعی طور پر صاف سے جزوی ابر آلود رہے گا، تاہم اندرونی علاقوں میں نمی بڑھنے اور دھند یا ہلکی دھند بننے کا امکان ہے، خاص طور پر رات اور اتوار کی صبح کے اوقات میں۔

این سی ایم نے خبردار کیا ہے کہ ہوائیں عمومی طور پر ہلکی سے معتدل رہیں گی، تاہم سمندر میں بعض اوقات تیز ہو سکتی ہیں جس کے باعث گرد و غبار اڑنے کا خدشہ ہے۔ شمال مغربی سے جنوب مغربی سمت چلنے والی ہواؤں کی رفتار 10 سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کا امکان ہے، جو بعض اوقات 30 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔

درجۂ حرارت کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ابوظبی میں کم سے کم درجۂ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ دبئی میں پارہ 13 ڈگری سے 24 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کی صبح ملک میں سب سے کم درجۂ حرارت 3.7 ڈگری سینٹی گریڈ العین کے علاقے رکنہ میں صبح 5 بج کر 45 منٹ پر ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سب سے زیادہ درجۂ حرارت 26.5 ڈگری سینٹی گریڈ شارجہ کے علاقے کلبا میں دوپہر 1 بج کر 15 منٹ پر ریکارڈ ہوا۔

دوسری جانب امارات آسٹرونومیکل سوسائٹی کے رکن یوسف القاسمی کے مطابق جمعے کی صبح رکنہ میں ہلکی پالا پڑنے کی بھی اطلاع ملی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ سرکاری موسمی اسٹیشنز پر درجۂ حرارت تقریباً 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، تاہم زمینی پیمائش کے دوران درجۂ حرارت ایک ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب پایا گیا، جو سردی کی شدت کو ظاہر کرتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button