
خلیج اردو
ایپل پہلی بار اپنی ایک دہائی پرانی روایت توڑنے کے قریب دکھائی دیتا ہے، جس کے تحت ہر سال ستمبر میں آئی فون کی مکمل نئی سیریز متعارف کرائی جاتی تھی۔ تازہ رپورٹس کے مطابق ایپل کا ریگولر آئی فون 18 ممکنہ طور پر 2026 میں لانچ نہیں ہوگا بلکہ اسے اسپرنگ 2027 تک مؤخر کیے جانے کا امکان ہے، جو آئی فون 17 کے بعد تقریباً 18 ماہ کا طویل وقفہ بن جائے گا۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ایپل آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کو معمول کے مطابق خزاں 2026 میں لانچ کرے گا، تاہم عام اور نسبتاً کم قیمت آئی فون 18 کو بعد میں متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔ اس طرح ایپل پہلی بار اپنے فلیگ شپ اور اسٹینڈرڈ ماڈلز کو الگ الگ اوقات میں لانچ کرے گا۔
ذرائع کے مطابق ایپل اپنی بڑھتی ہوئی پروڈکٹ لائن کے باعث لانچ شیڈول کو دو حصوں میں تقسیم کرنا چاہتا ہے۔ کمپنی کے پاس اس وقت آئی فون ایئر، آئی فون 16e، ممکنہ فولڈ ایبل آئی فون اور پرانے ماڈلز سمیت متعدد ڈیوائسز موجود ہیں، جس کے باعث تمام ماڈلز کو ایک ساتھ متعارف کرانا تجارتی طور پر مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی فون 18 سیریز میں متوقع 2 نینو میٹر چپ ابتدائی طور پر مہنگی پڑ سکتی ہے، اسی لیے ایپل اسٹینڈرڈ ماڈل کی لانچ میں تاخیر کر کے لاگت کم ہونے کا انتظار کر سکتا ہے۔ اس حکمتِ عملی کے تحت مہنگے ماڈلز پہلے اور عام صارفین کے لیے فون بعد میں متعارف کرائے جائیں گے۔
ڈیزائن کے حوالے سے رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ آئی فون 18 میں کیمرہ بمپ نسبتاً چھوٹا ہو سکتا ہے جبکہ ڈائنامک آئی لینڈ کے مزید کم ہونے یا فیس آئی ڈی کے انڈر ڈسپلے منتقل ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، جو ایپل کے لیے ایک بڑی تکنیکی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ فیصلہ ایپل کے لیے فائدہ مند بھی ہو سکتا ہے اور خطرناک بھی، کیونکہ کچھ صارفین مہنگا پرو ماڈل خریدنے پر مجبور ہوں گے جبکہ دیگر صارفین اپ گریڈ مؤخر کرنے یا متبادل برانڈز کی طرف جانے کا فیصلہ بھی کر سکتے ہیں۔







