
سعودی حکام نے رمضان اور آئندہ حج سیزن کے دوران عبادت گزاروں کی متوقع بڑی تعداد کے پیش نظر مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام میں جدید اسمارٹ گنتی کا نظام باضابطہ طور پر فعال کر دیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق یہ نظام ہجوم کے مؤثر انتظام اور سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
نئی ٹیکنالوجی کے تحت مسجد الحرام کے داخلی اور خارجی دروازوں سے آنے اور جانے والے عبادت گزاروں کی ریئل ٹائم میں گنتی کی جا رہی ہے، جس سے حکام کو ہجوم کی کثافت، رش کے مقامات اور نقل و حرکت کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے میں مدد مل رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس نظام کی بدولت فیلڈ ٹیمیں فوری اور ڈیٹا پر مبنی فیصلے کر سکیں گی، تاکہ رش کو کنٹرول کیا جا سکے اور عبادت گزاروں کی محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ نظام خاص طور پر نماز کے اوقات، تراویح کی راتوں اور عمرہ کے دوران انتہائی اہم کردار ادا کرے گا، جب لاکھوں عبادت گزار مسجد الحرام کا رخ کرتے ہیں۔







