متحدہ عرب امارات

ایران نے پابندیاں ختم ہونے پر یورینیم کم افزودہ کرنے کا عندیہ دے دیا

خلیج اردو
تہران: ایران کے ایٹمی توانائی ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا ہے کہ اگر ایران پر عائد تمام پابندیاں مکمل طور پر ختم کر دی جائیں تو تہران 60 فیصد تک افزودہ یورینیم کو کم سطح پر لانے پر آمادہ ہو سکتا ہے۔ ایرانی اسٹوڈنٹس نیوز ایجنسی (ISNA) کے مطابق یہ پیشکش مذاکرات کے نتائج سے مشروط ہے۔

محمد اسلامی نے صحافیوں سے گفتگو میں واضح کیا کہ یورینیم کی افزودگی کم کرنے کا انحصار اس بات پر ہے کہ آیا مذاکرات کے نتیجے میں ایران کے خلاف تمام پابندیاں اٹھا لی جاتی ہیں یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جزوی نہیں بلکہ مکمل پابندیوں کے خاتمے کی صورت میں ہی یہ قدم ممکن ہوگا۔

ایران کے ایٹمی سربراہ نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے کردار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران ادارے کے ساتھ تعاون جاری رکھے ہوئے ہے، تاہم ایجنسی پر لازم ہے کہ وہ ان تنصیبات پر ہونے والے فوجی حملے کے معاملے پر بھی اپنی ذمہ داری پوری کرے جو اس کی نگرانی میں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران ایجنسی کی نگرانی اور اس کی تصدیق کے تحت ہے تو پھر اس معاملے پر خاموشی اختیار نہیں کی جا سکتی۔

محمد اسلامی کے مطابق جنگ کے بعد ان تنصیبات کا معائنہ کیا گیا جو محفوظ رہیں، جبکہ حالیہ دنوں میں بھی انسپکٹرز نے دیگر مراکز کا دورہ کیا ہے۔ یہ تمام سرگرمیاں سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ساتھ رابطے میں انجام دی گئیں۔

ایرانی ایٹمی سربراہ نے زور دیا کہ ایران کے آئی اے ای اے قوانین کے تحت حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے اور ایجنسی کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایران سمیت تمام ممالک میں جوہری توانائی کے پُرامن استعمال کو فروغ دے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button