
خلیج اردو
ابوظہبی سٹی میونسپلٹی نے پارکس میں باربی کیو کے لیے مخصوص علاقوں کو مزید وسعت دی ہے، جہاں خاندانوں کے لیے پلیٹ فارمز، کوئلہ رکھنے کے کنٹینرز اور کچرے کے ڈبے فراہم کیے گئے ہیں۔
میونسپلٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ باربی کیو صرف منظور شدہ مقامات پر کیا جائے اور عوامی سہولیات اور ماحول کے تحفظ کے لیے ہدایات پر عمل کریں۔
ابوظہبی جزیرے میں باربی کیو کی سہولت درج ذیل پارکس میں دستیاب ہے:
فیملی پارک (A)، فیملی پارک (B)، النوَفل پارک، البوم پارک، فارمل پارک، ہیریٹیج پارک (4–5)، عربین گلف اسٹریٹ پارکس، ڈولفن پارک، اولڈ ایئرپورٹ پارک، الزعفرانہ پارک، النُزہہ پارک، المزون پارک (القُرم بیچ)۔
مین لینڈ پر درج ذیل پارکس میں بھی باربی کیو کی سہولت موجود ہے:
الفن پارک، الجوری پارک، الارجن پارک، ربدان پارک، الرحبہ اسکوائر، الوثبہ پارک، الختم پارک، البارجیل پارک، القادی پارک، البیراق پارک، الفانوس پارک، الشامخہ اسکوائر، السالمیہ ریکری ایشنل وہیکلز پارک۔
یہ اقدام میونسپلٹی کی آگاہی مہم “دارنا، ہماری ذمہ داری” کا حصہ ہے، جس کا مقصد شہریوں کو پارکس اور تفریحی مقامات کے استعمال کے قوانین پر عمل کرنے اور محفوظ باربی کیو کے طریقے اپنانے کی ترغیب دینا ہے۔
حکام نے زور دیا ہے کہ پارک آنے والے صفائی کا خاص خیال رکھیں، کوئلے کی باقیات اور دیگر فضلہ صرف مخصوص کنکریٹ کنٹینرز میں ڈالیں تاکہ سبزہ، درخت اور پارک کے انفراسٹرکچر محفوظ رہیں۔
مہم کے دوران فیلڈ ٹیمیں پارکس کے دورے کر رہی ہیں، شہریوں کے ساتھ براہِ راست رابطہ کر کے مثبت رویہ فروغ دے رہی ہیں اور عوامی تفریحی مقامات کی خوبصورتی اور پائیداری برقرار رکھنے کی اہمیت اجاگر کر رہی ہیں۔







