
خلیج اردو
دبئی: منگل کی صبح دبئی میں شدید دھند کے باعث دونوں بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر فضائی آپریشن متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 35 پروازیں متاثر ہوئیں۔
دبئی ایئرپورٹس کے ترجمان کے مطابق خراب موسمی صورتحال کے باعث دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور دبئی ورلڈ سینٹرل المکتوم ایئرپورٹ پر 12 پروازیں منسوخ جبکہ 23 آنے والی پروازوں کا رخ دیگر ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا گیا۔
شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ چند سو میٹر تک محدود رہی، جس کے اثرات فضائی ٹریفک کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر بھی دیکھے گئے اور دبئی کی بعض شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی سست ہو گئی۔
دبئی ایئرپورٹس انتظامیہ کے مطابق ایئرلائنز اور سروس پارٹنرز کے ساتھ مل کر آپریشن معمول پر لانے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تازہ ترین پرواز معلومات کے لیے اپنی متعلقہ ایئرلائن سے رابطے میں رہیں۔







