
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کے دوران شہری زندگی کے ہنگاموں سے دور فطرت کے قریب افطار کرنے کا رجحان تیزی سے مقبول ہو رہا ہے، جہاں متعدد افراد پہاڑوں میں جا کر روزہ افطار کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق افطار سے تقریباً ایک گھنٹہ قبل ہائیکرز کھانے کی میزوں کے بجائے بیگ اٹھائے ٹریل ہیڈ پر جمع ہوتے ہیں اور اذان مغرب کے وقت پہاڑوں میں کھجور، پانی اور سادہ کھانوں سے روزہ افطار کرتے ہیں۔
محمد الکعبی جو کہ UAE Adventures Team کے بانی ہیں، کا کہنا ہے کہ ان کا گروپ گزشتہ پانچ برسوں سے باقاعدہ افطار ہائکس کا اہتمام کر رہا ہے، جو ابتدا میں دوستوں کے درمیان غیر رسمی سرگرمی تھی مگر اب محفوظ اور منظم انداز اختیار کر چکی ہے۔
ان کے مطابق کچھ گروپس افطار کے بعد باجماعت نماز ادا کر کے رات 9 بجے ہائیکنگ کا آغاز کرتے ہیں جبکہ بعض شرکاء عصر کے بعد ہلکی ہائیکنگ کے بعد پہاڑوں میں ہی افطار کرتے ہیں۔
اسی طرح Outdoorzy Adventures کے بانی علاء مسعود کے مطابق رمضان کے دوران خصوصی افطار ہائکس کا انعقاد کیا جاتا ہے جہاں مختلف سطح کے افراد شرکت کر سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے اکثر Fossil Rock جیسے مقامات کا انتخاب کیا جاتا ہے تاکہ شرکاء غروبِ آفتاب کا خوبصورت منظر دیکھ سکیں۔
دوسری جانب Grasp the Adventure کے بانی یوسف العباسی کے مطابق افطار ہائکس مصروف زندگی سے وقتی طور پر دوری اور باہمی تعلق کو فروغ دینے کا ذریعہ بن رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا،
"جب سورج غروب ہوتا ہے تو کوئی آپ کو کھجور دیتا ہے، کوئی بادام بانٹتا ہے اور یوں اجنبی افراد ایک دوسرے کے ساتھ افطار کا کھانا شیئر کرتے ہیں۔”
منتظمین کے مطابق رمضان میں شرکت معمول سے کم ضرور ہوتی ہے مگر جو افراد شامل ہوتے ہیں وہ فٹنس سے بڑھ کر روحانی سکون اور اجتماعی احساس کے لیے اس سرگرمی کا انتخاب کرتے ہیں۔
پہاڑوں کی خاموشی میں افطار کرنے کا یہ منفرد تجربہ بہت سے افراد کے لیے رمضان کی اصل روح — سادگی، سخاوت اور باہمی تعلق — کو اجاگر کرتا ہے۔







