متحدہ عرب امارات

پاکستان کا افغان طالبان کے خلاف جوابی آپریشن، سرحد پار اہم شہروں میں کارروائیاں

خلیج اردو
پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان کشیدگی میں شدت آ گئی ہے جس کے بعد سرحد پار جھڑپوں کے تناظر میں پاکستانی فورسز نے افغانستان کے اہم شہروں میں مختلف اہداف کو نشانہ بنایا۔ حکومتی اور طالبان حکام کے مطابق جمعہ کی شب ہونے والی کارروائیوں میں فضائی اور زمینی حملے شامل تھے، جن کا ہدف سرحدی علاقوں میں موجود طالبان کی چوکیاں، ہیڈکوارٹرز اور اسلحہ کے ذخائر تھے۔

پاکستانی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں افغان جانب سے بلااشتعال حملوں کے ردعمل میں کی گئیں، جبکہ حکومتی ترجمان مشرف زیدی نے کہا کہ افغانستان میں اہداف کے خلاف جوابی کارروائیاں جاری ہیں۔ دوسری جانب طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی فورسز نے کابل، قندھار اور پکتیا کے مختلف علاقوں میں فضائی حملے کیے۔

رپورٹس کے مطابق دونوں جانب بھاری جانی نقصان ہوا ہے تاہم ان اعداد و شمار کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے نتیجے میں افغان طالبان کے درجنوں جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جبکہ کئی سرحدی چوکیاں تباہ کر دی گئیں۔

یہ حالیہ جھڑپیں دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ کئی ماہ سے جاری کشیدگی کے بعد سامنے آئی ہیں، جس سے 2600 کلومیٹر طویل سرحد پر جنگ بندی کی صورتحال مزید نازک ہو گئی ہے۔ پاکستان کی جانب سے مسلسل یہ مؤقف اختیار کیا جا رہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے جنگجو افغان سرزمین استعمال کر رہے ہیں، جس کی کابل انتظامیہ تردید کرتی آئی ہے۔

دفاعی ماہرین کے مطابق حالیہ پیش رفت خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے اور اگر کشیدگی برقرار رہی تو علاقائی امن کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button