متحدہ عرب امارات

علاقائی کشیدگی کے باوجود متحدہ عرب امارات کا گولڈن ویزا مقبول، سرمایہ کار اور پیشہ ور افراد طویل مدتی رہائش کے لیے درخواستیں تیز کرنے لگے

خلیج اردو
مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باوجود متحدہ عرب امارات میں گولڈن ویزا پروگرام کی مقبولیت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور پیشہ ور افراد و سرمایہ کار طویل مدتی رہائش کے لیے اس پروگرام میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

ویزا کنسلٹنٹس اور سروس سینٹرز کے مطابق متعدد افراد خطے کی موجودہ صورتحال کے باوجود گولڈن ویزا کے لیے درخواستیں دے رہے ہیں، جسے امارات کی معاشی استحکام اور مستقبل پر اعتماد کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق جائیداد سے منسلک گولڈن ویزا کیٹیگری میں خاص طور پر زیادہ دلچسپی دیکھی جا رہی ہے۔ دبئی ایئرپورٹ فری زون میں قائم ایک سروس سینٹر کے منیجنگ ڈائریکٹر ثانی مبارک کے مطابق بہت سے جائیداد مالکان طویل مدتی رہائش کے لیے درخواست دے رہے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنی سرمایہ کاری فروخت کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔

ان کے مطابق گولڈن ویزا جائیداد سے منسلک ہوتا ہے اور اگر جائیداد فروخت کی جائے تو پہلے ویزا منسوخ کرنا پڑتا ہے، اس لیے درخواستوں میں اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ سرمایہ کار طویل مدت تک امارات میں رہنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایسے افراد بھی سامنے آ رہے ہیں جو پہلے سے گولڈن ویزا رکھتے ہیں اور اب اپنے اہل خانہ کے لیے بھی اسی پروگرام کے تحت درخواستیں دے رہے ہیں۔

دوسری جانب عربین بزنس سینٹر کے منیجنگ ڈائریکٹر فیروز خان کے مطابق ان کے ادارے کو بھی جائیداد اور تنخواہ کی بنیاد پر گولڈن ویزا کے لیے مسلسل درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بعض افراد نے تو اپنی درخواستوں کو تیز کرنے کی درخواست بھی کی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سرمایہ کار اور پیشہ ور افراد امارات میں رہنے اور کاروبار جاری رکھنے کے حوالے سے پراعتماد ہیں۔

ماہرین کے مطابق اس پروگرام میں زیادہ تر دلچسپی کاروباری افراد، جائیداد کے سرمایہ کاروں اور زیادہ تنخواہ حاصل کرنے والے پیشہ ور افراد کی جانب سے سامنے آ رہی ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر کشیدگی کے باوجود متحدہ عرب امارات کی معیشت اور کاروباری ماحول پر اعتماد برقرار ہے، اسی لیے سرمایہ کار اور پیشہ ور افراد یہاں طویل مدتی رہائش کے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button