متحدہ عرب امارات

پاکستان بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی، بڑے شہروں میں نماز عید کے اجتماعات، ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں

خلیج اردو
پاکستان بھر میں عیدالفطر مذہبی عقیدت اور جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے، اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے جہاں ملکی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

وفاقی دارالحکومت میں مرکزی اجتماع فیصل مسجد میں ہوا، جبکہ بادشاہی مسجد اور باغ جناح میں بھی بڑے اجتماعات دیکھنے میں آئے، جہاں لوگوں نے ایک دوسرے سے گلے مل کر عید کی خوشیاں بانٹیں۔

صدر آصف علی زرداری نے نواب شاہ، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اطلاعات نے لاہور میں نماز عید ادا کی، بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ، سہیل آفریدی نے ضلع خیبر کے علاقے باڑہ، مراد علی شاہ نے اپنے آبائی علاقے اور سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں نماز عید ادا کی۔

صدر زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ "آج کے دن ہمیں قومی یکجہتی، آئینی بالادستی اور قانون کی پاسداری کے عزم کی تجدید کرنی چاہیے”، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ "عید کی خوشیوں کے باوجود ہمارے دل غزہ اور مشرق وسطیٰ کے مسلمانوں کے ساتھ ہیں اور یہ صورتحال امت مسلمہ کے اتحاد کی ضرورت کو اجاگر کرتی ہے۔”

سید عاصم منیر اور سروس چیفس نے قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید اتحاد، ہمدردی اور شکرگزاری کی علامت ہے، جبکہ مسلح افواج کے لیے مادر وطن کا دفاع ہی عید کی حقیقی روح ہے۔

افواجِ پاکستان نے وطن کے محافظوں کی قربانیوں اور ان کے اہل خانہ کے عزم و حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ملک اور امت مسلمہ کے لیے امن، خوشحالی اور برکتوں کی دعا کی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button