
خلیج اردو
بین الاقوامی قوانین کے 100 امریکی ماہرین نے ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کو جنگی جرائم قرار دے دیا ہے، اس حوالے سے ایک کھلا خط جاری کیا گیا ہے۔
خط میں ماہرین نے ایران میں ہسپتالوں، سکولوں، پانی کی فراہمی اور توانائی کے ڈھانچوں کو نشانہ بنائے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔
ماہرین نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان پر بھی سخت تنقید کی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران پر حملے محض تفریح کے لیے بھی کیے جا سکتے ہیں، ماہرین کے مطابق یہ بیان غیر ذمہ دارانہ اور عالمی قوانین کے منافی ہے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ جاری جنگ امریکہ کے ٹیکس دہندگان کو روزانہ تقریباً 2 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا رہی ہے، جو ایک بڑا معاشی بوجھ ہے۔
ماہرین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر جنگ بندی کے لیے اقدامات کیے جائیں اور انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے اور عالمی سطح پر اس تنازع کے اثرات پر تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔







