متحدہ عرب امارات

دبئی کے اسکولوں میں آؤٹ ڈور سرگرمیاں بحال، اتھارٹی کی منظوری کے بعد طلبہ کیلئے معمولات زندگی کی طرف واپسی کا اہم مرحلہ

خلیج اردو
محکمہ علم و انسانی ترقی دبئی کی منظوری کے بعد دبئی کے متعدد اسکولوں نے آؤٹ ڈور سرگرمیاں اور فزیکل ایجوکیشن کلاسز دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس سے معمولات زندگی کی جانب واپسی کا عمل تیز ہو گیا ہے۔

یہ پیش رفت سات ہفتوں کی بندش کے بعد سامنے آئی ہے، جب 20 اپریل سے مرحلہ وار تعلیمی سرگرمیاں بحال کی گئیں، اب کھیل کے میدان، اسمبلیاں اور دیگر بیرونی سرگرمیاں بھی دوبارہ شروع کی جا رہی ہیں۔

اسکول انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ وزارت تعلیم متحدہ عرب امارات اور محکمہ علم و انسانی ترقی دبئی کی ہدایات کے تحت کیا گیا، جبکہ والدین کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ سرگرمیاں مرحلہ وار بحال ہوں گی۔

ایک اسکول کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ موجودہ صورتحال کے مستحکم ہونے کے بعد آؤٹ ڈور پیریڈز، فزیکل ایجوکیشن کلاسز، بریک ٹائم اور اسکول تقاریب بشمول گریجویشن تقریبات دوبارہ شروع کی جا رہی ہیں۔

اسکول انتظامیہ نے واضح کیا کہ 27 اپریل سے بیشتر سرگرمیاں شروع ہو جائیں گی، تاہم اضافی ہم نصابی سرگرمیاں 29 اپریل سے بحال ہوں گی تاکہ سکیورٹی اور انتظامی تیاری مکمل کی جا سکے۔

انتظامیہ کے مطابق تمام سرگرمیاں سخت حفاظتی اقدامات کے تحت ہوں گی، محفوظ مقامات اور ایمرجنسی راستوں کی نشاندہی کر دی گئی ہے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر سرگرمیاں معطل کر دی جائیں گی۔

اس کے ساتھ ساتھ طلبہ کی ذہنی و جذباتی بحالی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ وہ دوبارہ تعلیمی ماحول میں خود کو پُراعتماد محسوس کر سکیں۔

یہ اقدام طلبہ کیلئے نہ صرف تعلیمی بلکہ سماجی اور جسمانی سرگرمیوں کی بحالی کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button