
خلیج اردو
دبئی اور شارجہ کے درمیان روزانہ سفر کرنے والے شہریوں نے ایک بار پھر ٹریفک میں نمایاں اضافے کی شکایت کی ہے، جس کے باعث سفر کا دورانیہ تیزی سے بڑھ گیا ہے۔
مقامی ڈرائیورز کے مطابق پہلے جہاں یہ راستہ نسبتاً ہموار تھا، اب اہم شاہراہوں پر گاڑیاں بار بار رکنے اور چلنے کی صورتحال سے گزر رہی ہیں، جسے "اسٹاپ اینڈ گو” ٹریفک کہا جا رہا ہے۔
اہم شاہراہوں میں شیخ محمد بن زاید روڈ اور الاتحاد روڈ شامل ہیں، جہاں صبح کے اوقات میں طویل قطاریں معمول بنتی جا رہی ہیں۔
ایک شہری کے مطابق، جو روزانہ الشارقة کے علاقہ النہدہ سے دبئی القوز تک سفر کرتا ہے، پہلے یہی سفر 30 سے 35 منٹ میں مکمل ہو جاتا تھا، مگر اب تقریباً ایک گھنٹہ لگ رہا ہے۔
اسی طرح دیگر مسافروں نے بھی بتایا کہ تعمیراتی کام اور لین کی بندش نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے، خاص طور پر اوڈ میتھا اور انفرنٹی برج کے اطراف ٹریفک زیادہ متاثر ہو رہی ہے۔
ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ اب ٹریفک صرف ایک حصے تک محدود نہیں رہی بلکہ مختلف علاقوں میں بیک وقت دباؤ بڑھ رہا ہے، جس سے پورے روٹ پر تاخیر پیدا ہو رہی ہے۔
ٹیکسی ڈرائیورز اور کار پول سروسز کے مطابق پہلے جہاں ایک مکمل سفر ڈیڑھ گھنٹے میں ہو جاتا تھا، اب یہی وقت ڈھائی گھنٹے تک پہنچ رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق جاری ترقیاتی منصوبے اور سڑکوں کی توسیع بھی اس رش کی ایک بڑی وجہ ہیں، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ سفر اب پہلے سے کہیں زیادہ مشکل ہو گیا ہے۔







