متحدہ عرب امارات

ابوظبی میں 15 مئی سے مخصوص سڑکوں پر ڈیلیوری موٹرسائیکلوں کے داخلے پر پابندی، تیز رفتار شاہراہوں پر حادثات کم اور ٹریفک نظام بہتر بنانے کا فیصلہ

خلیج اردو
ابوظبی میں روڈ سیفٹی بہتر بنانے اور ٹریفک حادثات میں کمی لانے کے لیے 15 مئی 2026 سے مخصوص سڑکوں پر ڈیلیوری موٹرسائیکلوں کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق یہ اقدام اہم شاہراہوں پر ٹریفک کے بہاؤ کو محفوظ اور مؤثر بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

ابوظبی انٹیگریٹڈ ٹرانسپورٹ سینٹر کے مطابق پابندی اُن سڑکوں پر نافذ ہوگی جہاں رفتار کی حد 120 کلومیٹر فی گھنٹہ یا اس سے زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ شیخ زاید روڈ کے اُس حصے پر بھی ڈیلیوری موٹرسائیکلوں کا داخلہ بند ہوگا جو زاید شیخ زاید برج سے شیخ زاید ٹنل تک جاتا ہے۔

حکام نے کہا کہ "یہ اقدام روڈ سیفٹی کے معیار بلند کرنے اور تمام شہریوں کے لیے محفوظ سفری ماحول یقینی بنانے کے لیے مربوط منصوبے کا حصہ ہے۔”

متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں ملک بھر میں 6 ہزار 14 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے۔ اعداد و شمار کے مطابق اچانک لین تبدیل کرنا یا گاڑی موڑنا حادثات کی سب سے بڑی وجہ بنی، جس کے باعث 905 حادثات پیش آئے۔

ماہرین کے مطابق تیز رفتار شاہراہوں پر موٹرسائیکلوں کی نقل و حرکت محدود کرنے سے نہ صرف حادثات میں کمی آئے گی بلکہ ٹریفک کی روانی بھی بہتر ہوگی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button