متحدہ عرب امارات

امارات آئی ڈی گھر بھول گئے؟ یو اے ای پاس ایپ کے ذریعے چند منٹوں میں ڈیجیٹل شناختی کارڈ حاصل کرنا ممکن ہوگیا

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں رہنے والے شہریوں اور غیرملکی residents کے لیے امارات آئی ڈی روزمرہ زندگی کا اہم حصہ بن چکی ہے، تاہم اب اگر کوئی شخص اپنا فزیکل کارڈ گھر بھول جائے تو بھی پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ اس کی ڈیجیٹل کاپی چند منٹوں میں موبائل فون پر حاصل کی جاسکتی ہے۔

امارات آئی ڈی بینک اکاؤنٹ کھلوانے، قرض یا کریڈٹ کارڈ حاصل کرنے، سرکاری معاملات نمٹانے اور اسپتال یا کلینک میں طبی سہولیات لینے کے لیے بنیادی دستاویز سمجھی جاتی ہے۔

متحدہ عرب امارات میں ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ کے ساتھ اب بہت سے افراد فزیکل کارڈ ہر وقت ساتھ رکھنے کے بجائے اس کی ڈیجیٹل شکل استعمال کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

حکام کے مطابق یو اے ای پاس ایپ کے ذریعے حاصل کی جانے والی ڈیجیٹل امارات آئی ڈی محض تصویر یا پی ڈی ایف نہیں بلکہ ایک تصدیق شدہ سرکاری دستاویز ہوتی ہے جس کی اصلیت فوری طور پر چیک کی جاسکتی ہے۔

ڈیجیٹل امارات آئی ڈی حاصل کرنے کے لیے سب سے پہلے موبائل فون میں "یو اے ای پاس” ایپ گوگل پلے اسٹور یا ایپل ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگی۔

ایپ انسٹال کرنے کے بعد صارفین کو اپنے امارات آئی ڈی نمبر کے ذریعے رجسٹریشن مکمل کرنا ہوگی جبکہ شناخت کی تصدیق فیشل ریکگنیشن کے ذریعے کی جائے گی۔

اکاؤنٹ فعال ہونے کے بعد صارف ایپ میں لاگ ان کرے، پھر "ڈاکومنٹس” کے آپشن پر جائے اور "ریکویسٹ ڈاکومنٹ” منتخب کرے۔

اس کے بعد "امارات آئی ڈی کارڈ” کا انتخاب کرکے "ریکویسٹ” پر کلک کیا جائے گا جبکہ ایک پاپ اپ میسج کے ذریعے تصدیق طلب کی جائے گی کہ درخواست کے لیے امارات آئی ڈی نمبر استعمال کیا جائے۔

"کنفرم ریکویسٹ” دبانے کے بعد ڈیجیٹل امارات آئی ڈی فوری طور پر دستیاب ہوجائے گی، جہاں صارف کارڈ کے اگلے اور پچھلے دونوں حصے دیکھ سکے گا۔

حکام نے مشورہ دیا ہے کہ فوری ضرورت کے لیے صارفین اپنی ڈیجیٹل امارات آئی ڈی کا اسکرین شاٹ بھی محفوظ کرسکتے ہیں۔

ڈیجیٹل شناختی کارڈ کی اصلیت چیک کرنے کے لیے "کیو آر ویریفکیشن” کا آپشن استعمال کیا جاسکتا ہے، جہاں کیو آر کوڈ اسکین کرنے کے بعد ایپ تصدیقی سرٹیفکیٹ جاری کرتی ہے کہ کارڈ اصل ہے اور اس میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی۔

یہ سہولت متحدہ عرب امارات میں ڈیجیٹل گورننس اور اسمارٹ سروسز کے فروغ کی ایک اہم مثال قرار دی جارہی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button