
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع کے مطابق ایرانی حملوں کے آغاز سے اب تک 551 بیلسٹک میزائل، 29 کروز میزائل اور 2 ہزار 265 ڈرونز کو ناکارہ بنایا جاچکا ہے۔
وزارتِ دفاع نے بتایا کہ اب تک مجموعی طور پر 13 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں مسلح افواج کے دو اہلکار، ایک مراکشی شہری کنٹریکٹر اور 10 غیر ملکی شہری شامل ہیں۔ جاں بحق افراد میں پاکستانی، نیپالی، بنگلہ دیشی، فلسطینی، بھارتی اور مصری شہری شامل بتائے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق زخمیوں کی تعداد 230 تک پہنچ چکی ہے، جن میں اماراتی، پاکستانی، بھارتی، ایرانی، مصری، فلپائنی، سری لنکن، افغانی اور دیگر کئی ممالک کے شہری شامل ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ ملک کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ پر ہے اور ریاست کی خودمختاری و سلامتی کو نقصان پہنچانے والی ہر کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران اور خلیجی ممالک کے درمیان بڑھتی کشیدگی پورے خطے کی سلامتی کے لیے بڑا خطرہ بنتی جا رہی ہے جبکہ فضائی دفاعی نظام مسلسل دباؤ کا شکار ہیں۔







