
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں دنیا کے مشہور ایمریٹس پیلس مندرین اورینٹل کے احاطے میں پہلی بار نجی رہائشی منصوبہ متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت 35 انتہائی پرتعیش محلات تعمیر کیے جائیں گے۔
یہ منصوبہ “ایمریٹس پیلس مندرین اورینٹل مینشنز” کے نام سے شروع کیا گیا ہے اور اسے ایمریٹس پیلس کمپنی، لیڈ ڈیولپمنٹ اور مندرین اورینٹل ہوٹل گروپ نے مشترکہ طور پر پیش کیا ہے۔
یہ لگژری رہائش گاہیں ایمریٹس پیلس کے اندر واقع راس الخضر ساحلی علاقے میں تعمیر کی جائیں گی اور ان کی تکمیل 2029 تک متوقع ہے۔
حکام کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ اس تاریخی اور شاہی ہوٹل کے اندر نجی ملکیت کے لیے رہائشی یونٹس پیش کیے جا رہے ہیں، جو ابوظہبی کے اہم قومی مقامات جیسے قصر الوطن اور فاؤنڈر میموریل کے قریب واقع ہوں گے۔
ایمریٹس پیلس کمپنی کے بورڈ ممبر حمید مطر الظاہری نے کہا کہ یہ منصوبہ ابوظہبی کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
لیڈ ڈیولپمنٹ کے شریک بانی منیر حیدر نے کہا کہ ایمریٹس پیلس کے اندر تعمیر کرنا ایک بڑی ذمہ داری ہے جسے وہ نہایت سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔
مندرین اورینٹل ہوٹل گروپ کے گروپ چیف ایگزیکٹو لاراں کلیٹمین نے کہا کہ یہ منصوبہ ابوظہبی میں برانڈ کی موجودگی کو مزید مضبوط کرے گا اور اسے ایک خصوصی رہائشی سطح تک لے جائے گا۔
یہ تاریخی ہوٹل 2005 میں کھولا گیا تھا اور یہاں دنیا بھر کے سربراہانِ مملکت، شاہی وفود اور اہم بین الاقوامی ایونٹس منعقد ہوتے رہے ہیں۔ 2020 سے اس کا انتظام مندرین اورینٹل کے پاس ہے۔
لیڈ ڈیولپمنٹ کے مطابق کمپنی کا مجموعی پورٹ فولیو 30 ارب درہم سے زائد مالیت کے منصوبوں پر مشتمل ہے، جو رئیل اسٹیٹ، ہوٹلنگ اور مخلوط استعمال کے شعبوں میں پھیلا ہوا ہے۔







