
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں جون کے لیے نئی پیٹرول قیمتوں کے نفاذ سے قبل دبئی اور شارجہ کے متعدد پیٹرول پمپوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں۔ شہریوں نے قیمتوں میں اضافے سے بچنے کے لیے رات بارہ بجے سے پہلے اپنی گاڑیوں کے ٹینک بھروا لیے۔
متعدد رہائشیوں کا کہنا تھا کہ نئی قیمتوں کے اعلان کے بعد انہوں نے پیشگی منصوبہ بندی کرتے ہوئے جلد ایندھن حاصل کر لیا، جبکہ شام کے اوقات میں آنے والے افراد کو طویل انتظار کا سامنا کرنا پڑا۔
دبئی اور شارجہ کے مختلف علاقوں میں شام سات بجے کے بعد رش میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ بعض مقامات پر گاڑیوں کے مالکان کو اپنی باری کے لیے 40 منٹ تک انتظار کرنا پڑا۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ کوئی بھی نئی اور زیادہ قیمت پر پیٹرول خریدنا نہیں چاہتا تھا، اسی لیے بڑی تعداد میں لوگ آخری وقت میں پمپوں کا رخ کرتے رہے۔ بعض خاندانوں نے ایک ہی وقت میں اپنی تمام گاڑیوں کے ٹینک بھی بھروا لیے تاکہ اضافی اخراجات سے بچا جا سکے۔
پیٹرول پمپوں پر بڑھتی ہوئی سرگرمی کے باعث کئی رہائشی علاقوں کے اطراف ٹریفک کا دباؤ بھی معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔






