
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں کرایہ داروں کے لیے بڑا ریلیف دیتے ہوئے کرایوں میں اضافے پر عارضی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ابوظبی ریئل اسٹیٹ سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
نئے فیصلے کے تحت رہائشی، تجارتی اور صنعتی تمام کرایہ داری معاہدوں کی تجدید صفر فیصد اضافے کے ساتھ کی جائے گی۔ اس دوران مکان مالکان یا پراپرٹی مینجمنٹ کمپنیاں کرایوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کر سکیں گی۔
اعلان کے مطابق پہلے سے کرائے پر دی گئی کسی بھی جائیداد کا نیا معاہدہ بھی سابقہ کرایہ کی شرح پر ہی کیا جائے گا اور کرایے میں اضافے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ اقدام عارضی نوعیت کا ہے اور اگلے حکم تک نافذ رہے گا۔
اس سے قبل ابوظبی کے قوانین کے تحت مکان مالکان سالانہ پانچ فیصد تک کرایہ بڑھا سکتے تھے، بشرطیکہ وہ معاہدے کی تجدید سے کم از کم دو ماہ قبل کرایہ دار کو آگاہ کریں۔
ابوظبی میں تمام رہائشی یونٹس پر سالانہ کرائے کا تین فیصد ہاؤسنگ فیس بھی لاگو ہے، جبکہ کرایہ داری معاہدوں کی رجسٹریشن اور تصدیق کے لیے "توثیق” نظام استعمال کیا جاتا ہے، جو کرایہ دار اور مالک دونوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانونی ریکارڈ فراہم کرتا ہے۔
سال 2024 میں ابوظبی نے کرایوں کا پہلا سرکاری انڈیکس بھی متعارف کرایا تھا، جس کا مقصد مارکیٹ میں شفافیت بڑھانا اور کرایوں کے تعین میں رہنمائی فراہم کرنا ہے۔
یہ پہلی بار نہیں کہ امارات میں کرایوں سے متعلق ریلیف دیا گیا ہو۔ 2021 میں کورونا وبا کے دوران بھی ابوظبی پورٹس نے صنعتی شہروں اور فری زونز میں کاروباری اداروں کے کرایے منجمد کر دیے تھے۔







