خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں صحت انشورنس حاصل کرنے والے افراد اب اپنے انشورنس پریمیم کی شرح کو پانچ سال تک مقررہ سطح پر برقرار رکھ سکیں گے۔ انشورنس بروکریج کمپنی Policybazaar.ae نے "ہیلتھ انشورنس پریمیم لاک” کے نام سے نئی سہولت متعارف کرا دی ہے۔
کمپنی کے مطابق اس اضافی سروس کے ذریعے صارفین اپنی موجودہ پریمیم شرح کو پانچ سال تک لاک کر سکتے ہیں، جس سے طبی مہنگائی اور عمر بڑھنے کے باعث ہونے والے اضافی اخراجات سے تحفظ حاصل ہوگا۔
یہ سہولت دبئی اور شمالی امارات کے رہائشیوں کے لیے منتخب ہیلتھ انشورنس منصوبوں پر دستیاب ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ طبی اخراجات میں سالانہ اضافے کے باعث انشورنس پریمیم میں عموماً 5 سے 10 فیصد تک اضافہ ہو جاتا ہے، جبکہ نئی عمر کی کیٹیگری میں داخل ہونے والے افراد کو تجدید کے وقت 20 سے 25 فیصد تک اضافی رقم ادا کرنا پڑ سکتی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 40 فیصد ایسے صارفین، جن کے پریمیم میں تجدید کے وقت اضافہ ہوا، نہ تو کسی پہلے سے موجود بیماری کا شکار تھے اور نہ ہی انہوں نے کوئی انشورنس کلیم کیا تھا۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نیراج گپتا نے کہا کہ انشورنس کی تجدید کے وقت پریمیم میں اضافے سے متعلق شکایات مسلسل موصول ہو رہی تھیں، اسی لیے یہ سہولت متعارف کرائی گئی تاکہ صارفین کو مالی یقین دہانی حاصل ہو سکے۔
چیف بزنس آفیسر توشیتا چوہان کے مطابق صارفین کی سب سے عام شکایت یہ تھی کہ انہیں پریمیم میں اضافے کا علم صرف تجدید کے وقت ہوتا تھا۔ نئی سہولت اس مسئلے کا حل فراہم کرے گی۔
کمپنی کے مطابق یہ اضافی سروس بنیادی انشورنس پریمیم کے علاوہ فیس کے ساتھ دستیاب ہوگی۔ اس سے فائدہ اٹھانے والے صارفین پانچ سال تک ایک ہی پریمیم ادا کریں گے، چاہے اس دوران ان کی عمر کی کیٹیگری تبدیل ہی کیوں نہ ہو جائے۔
یہ سہولت ان بالغ پالیسی ہولڈرز کے لیے دستیاب ہے جن کی عمر 60 سال تک ہو اور جنہیں پہلے سے کوئی ایسی بیماری لاحق نہ ہو جس کا انشورنس ریکارڈ میں اندراج کیا گیا ہو۔







