متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات لاٹری کا پہلا 3 کروڑ درہم جیک پاٹ جیت لیا گیا، ابوظبی میں مقیم نیپالی شہری راتوں رات کروڑ پتی بن گیا

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی لاٹری میں پہلی بار 3 کروڑ درہم کا گرینڈ پرائز جیت لیا گیا ہے۔ ابوظبی میں مقیم نیپالی شہری طیب خان نے لاٹری کے "لکی ڈے ڈرا” میں تمام چھ خوش قسمت نمبروں اور لکی نمبر کا درست انتخاب کرکے یہ تاریخی انعام اپنے نام کر لیا۔

27 مئی کو ہونے والے ڈرا کے بعد طیب خان متحدہ عرب امارات لاٹری کے پہلے 3 کروڑ درہم کے جیک پاٹ فاتح بن گئے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ڈرا براہ راست نہیں دیکھ رہے تھے اور انہیں اپنی کامیابی کا علم بعد میں ای میل کے ذریعے ہوا۔

طیب خان کے مطابق، "میں نے نمبروں کا انتخاب بالکل اتفاقی طور پر کیا تھا۔ جب ای میل کے ذریعے جیتنے کی خبر ملی تو خوشی کی انتہا نہ رہی، ایسا محسوس ہوا جیسے میں آسمان پر ہوں۔”

لاٹری انتظامیہ کے مطابق یہ کامیابی "لکی ڈے ڈرا” کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ اس سے قبل اپریل میں ایک خوش نصیب شخص نے 50 لاکھ درہم کا انعام جیتا تھا، جبکہ اب 3 کروڑ درہم کا گرینڈ پرائز بھی اپنے فاتح تک پہنچ گیا ہے۔

دی یو اے ای لاٹری کے ترجمان نے کہا کہ اس کامیابی نے پروگرام کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا ہے اور شرکاء کی دلچسپی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

لکی ڈے ڈرا ہر بدھ اور ہفتہ کی رات ساڑھے نو بجے منعقد ہوتا ہے۔ اس میں 3 کروڑ درہم کے گرینڈ پرائز کے علاوہ 50 لاکھ درہم کا دوسرا انعام اور 50 ہزار درہم کے تین یقینی انعامات بھی دیے جاتے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button