
خلیج اردو
عمان نے اعلان کیا ہے کہ اس نے بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے ایک عارضی بحری راہداری قائم کی ہے۔ یہ اعلان عمان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی جانب سے جاری کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق جو بحری جہاز اس عارضی راستے کو استعمال کرنا چاہیں گے انہیں بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن اور عمانی حکام کی جانب سے جاری کردہ مخصوص جغرافیائی نقاط کے مطابق رابطہ اور ہم آہنگی کرنا ہوگی۔
عمانی حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد بین الاقوامی قوانین اور سمندری قانون کے مطابق آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنانا ہے۔ اس راہداری کے استعمال پر کسی قسم کی ٹرانزٹ فیس عائد نہیں کی جائے گی۔
آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے عالمی تیل اور گیس کی بڑی مقدار منتقل کی جاتی ہے۔ حالیہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں عمان کا یہ اقدام عالمی توانائی منڈیوں اور بین الاقوامی تجارت کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔







