متحدہ عرب امارات

دبئی میں مصنوعی ذہانت سے پارک ڈیزائن کرنے کا مقابلہ، بہترین منصوبے کے لیے 2 لاکھ درہم انعام کا اعلان

خلیج اردو
دبئی بلدیہ نے مصنوعی ذہانت کی مدد سے الصفا 2 پارک کو نئے انداز میں ڈیزائن کرنے کے لیے ایک منفرد مقابلے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مجموعی انعامات کی مالیت 2 لاکھ درہم رکھی گئی ہے۔

یہ منصوبہ دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم کی جانب سے اعلان کردہ نئے ترقیاتی منصوبوں کا حصہ ہے، جن کا مقصد شہری سہولیات کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بہتر بنانا اور بنیادی ڈھانچے کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

مقابلے میں شہری منصوبہ ساز، ماہرینِ تعمیرات، لینڈ اسکیپ ڈیزائنرز، طلبہ، محققین، نئی ٹیکنالوجی پر کام کرنے والی کمپنیاں اور مصنوعی ذہانت کے شعبے سے وابستہ افراد حصہ لے سکتے ہیں۔ شرکا کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے پارک کا جامع ماسٹر پلان، ڈیٹا پر مبنی تجزیہ، نقشے، بصری خاکے اور پائیدار حل پیش کرنا ہوں گے۔

دبئی بلدیہ کے مطابق پہلے نمبر پر آنے والے کو ایک لاکھ درہم، دوسرے نمبر پر 65 ہزار درہم جبکہ تیسرے نمبر پر 35 ہزار درہم انعام دیا جائے گا۔

منصوبے کے لیے درخواستیں 15 اگست تک وصول کی جائیں گی، جبکہ کامیاب ڈیزائن کا انتخاب بین الاقوامی ماہرین، دبئی حکومت کے اعلیٰ حکام اور مقامی رہائشیوں کی رائے کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس مقابلے کا مقصد مصنوعی ذہانت کو شہری منصوبہ بندی میں مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے ایسے عوامی مقامات تشکیل دینا ہے جو زیادہ پائیدار، جدید اور شہریوں کی ضروریات سے ہم آہنگ ہوں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button