
خلیج اردو
دبئی میں مقیم بھارتی شہری تنویر احمد کی جانب سے ورلڈ ٹریڈ سینٹر میٹرو اسٹیشن کے گندے اور دھندلے سائن بورڈ کی نشاندہی کے صرف 24 گھنٹوں کے اندر روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) نے بورڈ صاف کر دیا، جبکہ بعد ازاں ان کی شہری ذمہ داری کے اعتراف میں انہیں اعزازی سند بھی دی گئی۔
25 سالہ تنویر احمد، جو گزشتہ تین برس سے دبئی میں مقیم ہیں، روزانہ ابو ہیل سے القوز جاتے ہوئے کمپنی کی بس میں سفر کرتے ہیں۔ 2 جون کو انہوں نے ورلڈ ٹریڈ سینٹر میٹرو اسٹیشن کا گرد آلود اور غیر واضح سائن بورڈ دیکھا اور اس کی تصاویر لے کر انسٹاگرام کے ذریعے آر ٹی اے کو پیغام بھیجا کہ بورڈ کی خراب حالت مسافروں اور سیاحوں کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔
تنویر کے مطابق آر ٹی اے نے دو گھنٹوں سے بھی کم وقت میں ان کے پیغام کا جواب دیا اور اگلے ہی روز سائن بورڈ مکمل طور پر صاف کر دیا گیا، جس پر وہ حیران اور خوش ہوئے۔
بعد ازاں تنویر نے اس تجربے پر ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جو وائرل ہوگئی۔ ویڈیو کو 67 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا جبکہ 4 لاکھ 64 ہزار سے زیادہ افراد نے اسے پسند کیا۔ صارفین نے دبئی میں شہری شکایات پر فوری کارروائی اور انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔
ویڈیو وائرل ہونے کے چند روز بعد دبئی سیویلٹی کمیٹی نے تنویر احمد کو تقریب میں مدعو کیا، جہاں انہیں شیخ محمد بن راشد المکتوم کے دفتر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر Mohammed Abdullah Al Gergawi نے اعزازی سند پیش کی۔ تقریب میں آر ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل Mattar Al Tayer بھی موجود تھے۔
تقریب کے دوران محمد عبداللہ القرقاوی نے کہا کہ دبئی کو ایسے رہائشیوں پر فخر ہے جو شہر کی بہتری کے لیے چھوٹی سے چھوٹی تفصیل پر بھی توجہ دیتے ہیں، جبکہ تنویر احمد نے کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات کی کمیونٹی کا حصہ بننے پر بے حد خوش ہیں۔
آر ٹی اے اس سے قبل بھی شہری شکایات پر فوری کارروائی کے لیے معروف رہی ہے۔ ادارہ سڑکوں، ٹریفک سگنلز، پیدل گزرگاہوں، بس شیلٹرز اور دیگر شہری مسائل کی اطلاع کے لیے واٹس ایپ سروس اور "محبوب” چیٹ بوٹ بھی فراہم کرتا ہے، تاکہ رہائشی کسی بھی خرابی کی فوری نشاندہی کر سکیں۔







