
خلیج اردو
دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والی دبئی ڈیوٹی فری کی ملینیم ملینیئر قرعہ اندازی میں ایک بھارتی تاجر اور ایک پاکستانی فنانس مینیجر نے ایک، ایک ملین امریکی ڈالر (10 لاکھ ڈالر) کا انعام جیت لیا۔
شارجہ میں مقیم 45 سالہ بھارتی کاروباری شخصیت محمد ایوب الدین نے ملینیم ملینیئر سیریز 549 میں ٹکٹ نمبر 4144 کے ذریعے 10 لاکھ ڈالر جیتے۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے محمد ایوب الدین 2006 سے شارجہ میں مقیم ہیں اور گزشتہ 8 سے 10 برس سے اس قرعہ اندازی میں حصہ لے رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں گزشتہ دو روز سے جیتنے کا احساس تھا اور وہ اس کامیابی پر بے حد شکر گزار ہیں۔ انہوں نے دیگر شرکاء کو بھی حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ کوشش جاری رکھیں، ایک دن قسمت ضرور ساتھ دے گی۔
دبئی میں اسسٹنٹ فنانس مینیجر کے طور پر کام کرنے والی 38 سالہ پاکستانی خاتون ہیرا نئیر نے ملینیم ملینیئر سیریز 550 میں ٹکٹ نمبر 1387 کے ذریعے 10 لاکھ ڈالر کا انعام اپنے نام کیا۔ لاہور سے تعلق رکھنے والی ہیرا نئیر نے پہلی بار اس اسکیم میں حصہ لیا۔ ان کے مطابق ایک ساتھی ملازم کے مشورے پر انہوں نے ٹکٹ خریدا اور ٹکٹ نمبر کا انتخاب اپنے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ممبرشپ نمبر سے ملتی جلتی ترتیب پر کیا۔
دبئی ڈیوٹی فری کے مطابق 1999 میں اس اسکیم کے آغاز سے اب تک 280 بھارتی اور 29 پاکستانی شہری ملینیم ملینیئر انعام جیت چکے ہیں، جبکہ بھارتی شہری اس اسکیم میں سب سے زیادہ ٹکٹ خریدنے والوں میں شامل ہیں۔
قرعہ اندازی کے بعد فائنسٹ سرپرائز پروموشن کے فاتحین کا بھی اعلان کیا گیا، جس میں دبئی میں مقیم ایک جرمن شہری نے BMW X6 M Competition گاڑی جیتی، جبکہ عجمان میں مقیم 34 سالہ بھارتی شہری محمد راشد نے Ducati Panigale V2S موٹر سائیکل اپنے نام کی۔ محمد راشد دبئی میں انشورنس بروکر کے طور پر کام کرتے ہیں اور تقریباً تین برس سے اس پروموشن میں حصہ لے رہے تھے۔







