
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی اتحاد ریل نے ابوظہبی اور فجیرہ کے درمیان مسافر سروس کے آغاز کے تقریباً ایک ماہ بعد آئندہ مراحل کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ نئی اسٹیشنز کی افتتاحی تاریخوں کے ساتھ نیٹ ورک میں مرحلہ وار توسیع کی جائے گی۔
اگلا اسٹیشن کب کھلے گا؟
اتحاد ریل کے مطابق 30 ستمبر 2026 کو دو نئے اسٹیشنز عوام کے لیے کھولے جائیں گے:
- دبئی اسٹیشن (جمیرا گالف اسٹیٹس کے قریب)
- الذید اسٹیشن (شارجہ)
اس توسیع سے دبئی، شارجہ اور دیگر بڑے شہری مراکز کے درمیان سفری سہولت مزید بہتر ہو جائے گی۔
دیگر اسٹیشنز کب کھلیں گے؟
اتحاد ریل کے مطابق باقی اسٹیشنز درج ذیل مرحلوں میں کھولے جائیں گے:
- 30 نومبر 2026: مدینۃ زاید اور لیوا اسٹیشن (ابوظہبی، الظفرہ)
- 30 دسمبر 2026: السلع، الظنہ اور المرفأ اسٹیشن
- 30 مارچ 2027: یونیورسٹی سٹی، شارجہ اسٹیشن، جس کے ساتھ مسافر نیٹ ورک کا پہلا مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔
کرایے کتنے ہیں؟
ابوظہبی تا فجیرہ روٹ پر ابتدائی مرحلے میں 50 فیصد رعایت دی جا رہی ہے۔
- کمفرٹ کلاس: 55 درہم سے شروع (اصل کرایہ 109 درہم)
- پریمیم کلاس: 120 درہم سے شروع (اصل کرایہ 239 درہم)
مسافروں کے لیے سیور، ویلیو اور فلیکس کے تین کرایہ جاتی آپشنز دستیاب ہیں، جبکہ بچوں اور بزرگ شہریوں کے لیے خصوصی رعایتی کرایے بھی رکھے گئے ہیں۔
خوبصورت ترین سفر کون سا ہے؟
اتحاد ریل کے مطابق ابوظہبی سے فجیرہ کا سفر نیٹ ورک کا سب سے دلکش روٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سفر کے دوران مسافر ریگستانی ٹیلوں، شاندار حجر پہاڑوں اور آخر میں خلیجِ عمان کے خوبصورت ساحلی مناظر سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
اتحاد ریل کے پہلے اماراتی ٹرین کپتان ابراہیم الحمادی کے مطابق دنیا میں بہت کم ریلوے سفر ایسے ہیں جہاں ایک ہی سفر میں صحرا، پہاڑ اور سمندر تینوں مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں۔
اسٹیشن سے آگے سفر کیسے ہوگا؟
ہر اسٹیشن کو فیڈر بسوں، ٹیکسیوں اور مقامی پبلک ٹرانسپورٹ سے منسلک کیا جا رہا ہے۔
ابوظہبی کے محمد بن زاید سٹی اسٹیشن سے کارنیش پر واقع ادنوک ہیڈکوارٹرز، ایڈنیک سینٹر اور ریم مال کے لیے شٹل بسیں دستیاب ہیں۔
دبئی میں اتحاد ریل اسٹیشن کو میٹرو، بس اور ٹیکسی نیٹ ورک سے منسلک کیا جائے گا، جبکہ نول کارڈ کے ذریعے بھی کرایہ ادا کیا جا سکے گا۔
مکمل نیٹ ورک
مکمل ہونے پر تقریباً 900 کلومیٹر طویل اتحاد ریل نیٹ ورک ساتوں امارات کے 11 شہروں اور علاقوں کو آپس میں جوڑے گا۔ یہ نیٹ ورک مغرب میں السلع سے شروع ہو کر مشرق میں فجیرہ تک پھیلے گا۔







