متحدہ عرب امارات

ابوظہبی: وارنر برادرز ورلڈ میں 8 سال بعد پہلی نئی مستقل رائیڈ "کرپٹونائٹ کولائیڈر” کا افتتاح

خلیج اردو
ابوظہبی کے یاس آئی لینڈ میں واقع وارنر برادرز ورلڈ نے آٹھ برس بعد اپنی پہلی نئی مستقل تفریحی رائیڈ "کرپٹونائٹ کولائیڈر” کا افتتاح کر دیا ہے، جسے سپر ہیرو سپرمین اور اس کے دشمن لیکس لوتھر کی کہانی پر تیار کیا گیا ہے۔

نئی ڈی سی تھیم رائیڈ میں مہمانوں کو لیکس لوتھر کے فرضی "ایوری مین پروجیکٹ” کا رضاکار بنایا جاتا ہے، جہاں وہ لیکس کارپ کی لیبارٹری میں داخل ہونے کے بعد 32 نشستوں والی رائیڈ پر سوار ہوتے ہیں۔

رائیڈ میں تیز رفتاری، گھومنے کی مختلف حرکات، روشنی، آواز اور خصوصی بصری اثرات کے ذریعے ایسا ماحول بنایا گیا ہے جیسے کرپٹونائٹ کی توانائی جسم میں دوڑ رہی ہو۔ اختتام پر شرکا کو انٹرایکٹو اسکرینوں کے ذریعے ان کی فرضی "سپر پاورز” بھی دی جاتی ہیں۔

وارنر برادرز ورلڈ یاس آئی لینڈ کی جنرل منیجر ہند گلداری نے کہا کہ اس رائیڈ کا مقصد صرف سنسنی فراہم کرنا نہیں بلکہ مہمانوں کو ایک مکمل کہانی کا حصہ بنانا ہے، تاکہ وہ رائیڈ ختم ہونے کے بعد بھی اس تجربے کو یاد رکھیں۔

ان کے مطابق یہ رائیڈ مہمانوں کی آراء کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہے، کیونکہ زیادہ تر افراد ایسی سنسنی خیز مگر خاندانی تفریح چاہتے تھے جس سے ہر عمر کے لوگ لطف اندوز ہو سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ پارک کی اگلی بڑی کشش "سپرمین اَپ اینڈ اوے” نامی فلائنگ رولر کوسٹر ہوگی، جسے 2028 میں میٹروپولس زون میں کھولا جائے گا۔

ہند گلداری کے مطابق گرمیوں کے دوران بیرون ملک سفر کے بجائے زیادہ یو اے ای رہائشی یاس آئی لینڈ پر اسٹے کیشنز کا انتخاب کر رہے ہیں، جس کے باعث پارک میں سالانہ پاس رکھنے والے افراد کی آمد اور دوبارہ وزٹ کرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ کرپٹونائٹ کولائیڈر وارنر برادرز ورلڈ کے عام داخلہ ٹکٹ میں ہی شامل ہے اور اس کے لیے الگ ٹکٹ کی ضرورت نہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button