
خلیج اردو
دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے عود میتھا اور الاسایل اسٹریٹس ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے تحت ایک نیا تین رویہ پل ٹریفک کے لیے کھول دیا ہے، جبکہ منصوبہ 90 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق منصوبہ مکمل ہونے پر اس اہم شاہراہ پر سفر کا وقت 20 منٹ سے کم ہو کر صرف 5 منٹ رہ جائے گا، جبکہ عود میتھا اسٹریٹ کی گنجائش میں 50 فیصد اضافہ ہوگا۔
اتوار 26 جولائی کو کھولا جانے والا نیا پل الخیل روڈ سے الاسایل اسٹریٹ کی جانب الوصل کلب اسٹریٹ کے ذریعے آنے والی ٹریفک کے لیے مختص ہے، جس سے فی گھنٹہ 3,600 گاڑیاں گزر سکیں گی۔
آر ٹی اے کے مطابق اگست کے اختتام تک مزید دو سرنگیں اور ایک پل بھی ٹریفک کے لیے کھول دیے جائیں گے۔
پہلی سرنگ عود میتھا اسٹریٹ کی سروس روڈ کو شیخ راشد روڈ سے جوڑے گی، جس سے بر دبئی جانے والی ٹریفک کو سہولت ملے گی، جبکہ دوسری سرنگ دبئی۔العین روڈ سے الوصل کلب اسٹریٹ کی جانب آنے والی ٹریفک کے دباؤ کو کم کرے گی۔
اسی مرحلے میں ایک نیا پل بھی کھولا جائے گا جو الاسایل اسٹریٹ سے عود میتھا اسٹریٹ کی جانب بائیں جانب مڑنے والی ٹریفک کے لیے مخصوص ہوگا۔
آر ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل مطر الطائر کے مطابق منصوبے میں چار بڑے چوراہوں کی بہتری، 4.3 کلومیٹر طویل پلوں اور سرنگوں کی تعمیر اور 14 کلومیٹر نئی سڑکوں کی تعمیر شامل ہے۔
اس منصوبے سے عود میتھا، شیخ راشد روڈ، الاسایل اسٹریٹ، الخیل روڈ اور دبئی۔العین روڈ کے درمیان ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی، جبکہ زعبیل، الجداف، عود میتھا، ام ہریر، لطیفہ اسپتال اور الوصل کلب سمیت متعدد رہائشی اور خدماتی علاقوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
حکام کے مطابق منصوبے سے مستفید ہونے والے علاقوں کی آبادی 2030 تک 4 لاکھ 20 ہزار سے تجاوز کر جائے گی، جبکہ مجموعی طور پر سفر کے وقت میں 75 فیصد تک کمی آئے گی۔
رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں بھی اسی منصوبے کے تحت دو پل ٹریفک کے لیے کھولے جا چکے ہیں۔







