متحدہ عرب امارات

یو اے ای میں اسپین ویزا اپلائی کرنے والوں کے لیے نئی شرط، ایجنٹس کے ذریعے اپائنٹمنٹ پر پابندی

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے رہائشی جو اسپین کے ویزا کے لیے درخواست دینا چاہتے ہیں انہیں اب اپائنٹمنٹ خود بُک کرنا ہوگی۔ نئی ہدایت کے تحت اپائنٹمنٹ صرف BLS International کی آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے حاصل کی جاسکے گی اور کسی ٹریول ایجنسی یا تیسرے فریق کے ذریعے بک کی گئی اپائنٹمنٹ قبول نہیں کی جائے گی۔

BLS انٹرنیشنل کے مطابق اپائنٹمنٹ بک کرتے وقت سسٹم تصدیق کرتا ہے کہ درخواست گزار خود اپنی اپائنٹمنٹ بک کر رہا ہے۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ ویزا اپائنٹمنٹ مفت ہے اور کسی شخص یا ویب سائٹ کو اپائنٹمنٹ کے لیے رقم ادا نہ کی جائے۔

BLS نے ویزا فراڈ سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویزا منظور یا مسترد کرنے کا اختیار صرف متعلقہ ہسپانوی حکام کے پاس ہے۔ کمپنی کے ملازمین اپائنٹمنٹ جلد کروانے، ویزا پراسیسنگ تیز کرنے یا ویزا فیصلے پر اثرانداز ہونے کے لیے نقد رقم یا کسی اور ادائیگی کا مطالبہ نہیں کرتے۔

اپائنٹمنٹ بک ہونے کے بعد اسے ری شیڈول نہیں کیا جاسکے گا۔ تاریخ تبدیل کرنے کے لیے موجودہ اپائنٹمنٹ منسوخ کرکے نئی اپائنٹمنٹ لینا ہوگی جبکہ آن لائن ادا کی جانے والی BLS فیس ناقابل واپسی ہوگی۔

یورپی یونین یا یورپی اکنامک ایریا کے شہریوں کے شریک حیات کے لیے بھی نئی شرط لاگو ہوگی اور انہیں پہلے سے اپائنٹمنٹ لینا ہوگی۔ واک اِن درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔

اسپین کے شینگن ویزا کے لیے یو اے ای سے درخواست دینے والوں کو ملازمت دینے والی کمپنی کا این او سی اور تنخواہ کا سرٹیفکیٹ بھی مقررہ شرائط کے مطابق جمع کرانا ہوگا جبکہ کم از کم 30 ہزار یورو کی میڈیکل ایویکیویشن اور وطن واپسی کی کوریج رکھنے والی ٹریول انشورنس بھی لازمی ہوگی۔

BLS انٹرنیشنل نے واضح کیا ہے کہ وہ اسپین کی وزارت خارجہ کے لیے صرف ویزا درخواستیں وصول اور پراسیس کرتا ہے اور ویزا جاری کرنے یا اس کی ضمانت دینے کا اختیار نہیں رکھتا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button