
خلیج اردو
تھائی لینڈ میں دارالحکومت بینکاک کے شمال میں واقع ایک اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک ٹیچر جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
واقعہ جمعہ کی صبح تقریباً 10 بجے صوبہ نونتھابوری کے علاقے Bang Kruai میں واقع Debsirin Nonthaburi School میں پیش آیا۔
تھائی پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والا اسکول کا طالب علم تھا جس نے واقعے کے بعد خودکشی کرلی۔
رائٹرز کے مطابق تھائی پولیس حکام نے ایک ٹیچر کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ فائرنگ میں کم از کم 10 طلبہ زخمی ہوئے ہیں۔
واقعے کے بعد امدادی ٹیموں اور ایمبولینسز نے اسکول پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی۔ اسکول کے اطراف سیکیورٹی اہلکار بھی موجود رہے جبکہ طلبہ کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
تھائی لینڈ میں حالیہ برسوں کے دوران فائرنگ کے ایسے واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔
رواں سال 11 فروری کو 18 سالہ شخص نے مبینہ طور پر صوبہ سونگخلا کے شہر ہاٹ یائی کے ایک اسکول میں فائرنگ کی تھی اور کچھ دیر کے لیے طلبہ اور اساتذہ کو یرغمال بھی بنایا تھا تاہم پولیس نے اسے گرفتار کرلیا تھا۔
گزشتہ سال بینکاک کی ایک فوڈ مارکیٹ میں فائرنگ کے واقعے میں پانچ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
جبکہ 2023 میں بینکاک کے ایک لگژری شاپنگ مال میں 14 سالہ لڑکے کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے تھے۔







