
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں آسمان کے شائقین پرسیڈز میٹیور شاور کے شاندار نظارے کے لیے تیار ہو جائیں، کیونکہ اس سال یہ فلکیاتی مظاہر 12 اور 13 اگست کی رات عروج پر ہوگا۔
اس سال پرسیڈز کا مشاہدہ خاص طور پر بہتر رہنے کی توقع ہے کیونکہ اس کا عروج نئے چاند کے ساتھ ہوگا، جس کے باعث آسمان پر چاندنی کم ہونے سے شہابِ ثاقب زیادہ واضح نظر آئیں گے۔
پرسیڈز تیز رفتار اور روشن شہابیوں کے لیے مشہور ہے جبکہ بعض اوقات انتہائی روشن فائر بالز بھی دکھائی دیتے ہیں، جو زہرہ سیارے سے بھی زیادہ روشن ہو سکتے ہیں۔
دبئی آسٹرونومی گروپ
مقام: الخاتم صحرا، ابوظبی
وقت: 12 اگست رات 11 بجے سے 13 اگست صبح 3 بجے تک
پروگرام میں سیاروں کو دوربین سے دیکھنے، آسمان کی نقشہ سازی، ماہرین کے سوال و جواب اور رات 3 بجے تک شہابیوں کا مشاہدہ شامل ہے۔
شرکا کے لیے بیٹھنے کی چٹائیاں، پانی، گرم مشروبات اور اسنیکس بھی فراہم کیے جائیں گے۔
ٹکٹ: بالغ افراد کے لیے 180 درہم جبکہ بچوں کے لیے 160 درہم ہے۔ دبئی یا دیگر مقامات سے ٹرانسپورٹ درکار ہو تو 110 درہم اضافی ادا کرنا ہوں گے۔
منتظمین کے مطابق قریبی پیٹرول اسٹیشن تقریباً 25 منٹ کی دوری پر ہے۔ فور بائی فور گاڑی بہتر ہے تاہم عام گاڑی سے بھی مقام تک پہنچا جا سکتا ہے۔ پارکنگ سے تقریباً ایک کلومیٹر کے فاصلے پر ایونٹ مقام تک شٹل سروس بھی دستیاب ہوگی۔
ملیحہ نیشنل پارک
مقام: ملیحہ نیشنل پارک، شارجہ — ملیحہ آئی لاؤنج
وقت: 13 اگست شام 6:30 بجے سے رات 1 بجے تک
یہاں فلکیات پر رہنمائی، صحرائی بوفے ڈنر، مقررہ اوقات میں دوربین سے مشاہدہ اور شہابیوں کو دیکھنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
سافٹ ڈرنکس، پانی، کڑک چائے اور عربی کافی بھی دستیاب ہوگی۔
ٹکٹ: بالغ افراد کے لیے 225 درہم جبکہ بچوں کے لیے 175 درہم مقرر ہے۔ پریمیم ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں۔
عربین وانڈرز — ال قواء
مقام: ال قواء، جو متحدہ عرب امارات کے تاریک ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔
تاریخیں: 13 اگست، 14 اگست، 5 ستمبر، 12 ستمبر، 3 اکتوبر اور 10 اکتوبر
پروگرام میں گرل باربی کیو ڈنر، کیمپنگ کا سامان، الاؤ، گائیڈڈ اسٹارگیزنگ، دوربین سے مشاہدہ اور ماہر ایڈونچر لیڈرز کی رہنمائی شامل ہے۔
ٹکٹ: بالغ افراد 450 درہم، بچے 350 درہم جبکہ دبئی یا ابوظبی سے آنے جانے کے لیے بس ٹرانسپورٹ 200 درہم اضافی ہے۔
صحرا کے اندر سفر کے لیے عام گاڑیوں سے فور بائی فور گاڑیوں میں منتقل کیا جائے گا جبکہ پرائیویسی ٹینٹ کے ساتھ پورٹیبل ٹوائلٹ کی سہولت بھی موجود ہوگی۔
پرسیڈز دیکھنے کے لیے کیا ضروری ہے؟
پرسیڈز دیکھنے کے لیے دوربین یا ٹیلی اسکوپ ضروری نہیں، کیونکہ شہابیے ننگی آنکھ سے بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق موبائل فون اور دیگر اسکرینز بند کرکے کم از کم 20 سے 30 منٹ اندھیرے میں گزاریں تاکہ آنکھیں اندھیرے کے مطابق ڈھل سکیں۔
اگر کسی منتظم کے بغیر صحرا کا رخ کر رہے ہیں تو گروپ کی صورت میں سفر کریں، مناسب مقدار میں پانی، روشنی اور دیگر ضروری سامان ساتھ رکھیں۔ طویل کیمپنگ کے لیے بعض علاقوں میں متعلقہ حکام سے اجازت بھی درکار ہو سکتی ہے۔
شہابیوں کی تصاویر کیسے بنائیں؟
پرسیڈز کی بہترین تصاویر کے لیے DSLR یا مرر لیس کیمرہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔
- آٹو فوکس بند کرکے روشن ستارے یا لامحدود فاصلے پر دستی فوکس کریں۔
- اپرچر f/2.8 یا اس سے کم رکھیں۔
- شٹر اسپیڈ 15 سے 30 سیکنڈ رکھیں۔
- ISO کو 1600 یا اس سے زیادہ ایڈجسٹ کریں۔
- کیمرہ مکمل طور پر مستحکم رکھنے کے لیے ٹرائی پوڈ استعمال کریں۔







