
خلیج اردو
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 2026 کے اجلاس کے موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی، سرکاری اور خصوصی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا تقاضے ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔
اسحاق ڈار کے مطابق انہوں نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ اہم اقدام دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط اور ادارہ جاتی تبادلوں کو مزید آسان بنائے گا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ معاہدہ باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں پاکستان اور سعودی عرب کی دیرینہ اور برادرانہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔
معاہدے کے تحت متعلقہ سفارتی، سرکاری اور خصوصی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے دونوں ممالک کے درمیان سفر میں ویزا سے متعلق موجودہ تقاضے ختم کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔







